پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال بہتر، دریائے سندھ اور راوی پر نچلے درجے کا سیلاب

منگل 28 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دریائے سندھ کے کالا باغ اور تونسہ جبکہ دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر اب بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ممکنہ سیلاب کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کی وارننگ

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ ایک ہزار کیوسک جبکہ تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تاہم تونسہ بیراج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، اسی طرح دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور مرالہ، خانکی، قادر آباد، تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول پر آ چکا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر 63 ہزار کیوسک اور سدھنائی کے مقام پر 53 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، جہاں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں مون سون کی تباہ کاریاں جاری، مزید 11 افراد جاں بحق، سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

ادھر وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں ایک ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے کہا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا تھا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریا میں طغیانی میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب، این ڈی ایم اے کا مختلف علاقوں کے لیے الرٹ

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp