آزاد جموں کشمیر میں امن، استحکام اور جمہوریت کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارتی میڈیا اور بعض بیرونی عناصر کی طرف سے پھیلائے جانے والے من گھڑت، بے بنیاد اور شر انگیز پروپیگنڈے کا زمینی حقائق نے پول کھول دیا ہے۔
پاکستان میں سیاسی و سماجی حلقوں نے غیر ملکی ویب سائٹ ’ڈراپ سائٹ‘ میں کشمیر سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹ کو مکمل بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ زمینی حقائق اس رپورٹ کی خود مکمل تردید کرتے ہیں جو آزاد کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ، کرفیو اور سیکیورٹی فورسز کے مبینہ پرتشدد اور کریک ڈاؤن کے جھوٹے سکرپٹ پر مبنی ہے۔
آزاد کشمیر میں پرامن جمہوری عمل جاری
حکام اور مقامی ذرائع کے مطابق زمینی حقائق اس بات کا مبین ثبوت ہیں کہ آزاد کشمیر بھر میں اس وقت انتخابی مہم اور جمہوری عمل کے لیے مرحلہ وار انتخابی عمل انتہائی خوش اسلوبی، شفافیت اور پرامن ماحول میں جاری ہے، اگر حالات سنگین ہوتے تو یہ عمل جسے پوری دُنیا مانیٹر کر رہی ہے، ممکن نہ ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن میں پولنگ پرامن ماحول میں جاری، سیکیورٹی انتظامات مؤثر، بہترین ٹرن آؤٹ کی توقع، کمشنر میرپور
آزاد کشمیر میں صورتحال کی بہتری کا ایک مبین ثبوت یہ بھی ہے کہ آزاد کشمیر کے 2 ڈویژنز میں انتخابی عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ تمام علاقوں میں اس دوران موبائل سروسز سمیت مواصلات کے تمام ذرائع بلا تعطل فعال ہیں۔
اس دوران عوام نے اپنے آئینی حق کا آزادانہ استعمال کیا ہے، جو بھارتی میڈیا کے اس دعوے اور پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتا ہے کہ خطے میں کسی قسم کا بلیک آؤٹ یا سنسرشپ نافذ ہے۔
راولاکوٹ سمیت پورے آزاد کشمیر میں خوراک، ادویات کی سپلائی جاری
راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے کسی بھی حصے میں نہ تو خوراک یا ادویات کی سپلاٸی معطل ہے اور نہ ہی روزمرہ کی کاروباری سرگرمیوں پر کوئی قدغن ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ اس حوالے سے بھی بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش معلوم ہوتی ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں بھی خوراک یا ادویات کی کوئی قلت یا سپلائی معطل نہیں، اگر ایسا ہوتا تو اس وقت ایک انسانی بحران جنم لے چکا ہوتا۔
زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں تمام گروسری اسٹورز، بازار اور تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں اور عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں بلا رکاوٹ میسر ہیں۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر عام انتخابات کا پہلا مرحلہ، میرپورڈویژن کے 13 حلقوں سے نتائج آنا شروع
رپورٹ میں مساجد کے حوالے سے پھیلائی جانے والی فیک نیوز کہ مبینہ طور پر گولی مارنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، سر سراسر جھوٹ، لغو اور منفی پروپیگنڈے کا حصہ ہے جس کا حقیقت سے کوئی دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔
پاکستانی افواج کے خلاف ہائبرڈ وار فیئر
بھارتی صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کی جانب سے پیش کیا جانے والا یہ بیانیہ دراصل پاکستان اور بالخصوص پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف ایک گہرے ہائبرڈ وارفیئر کا حصہ ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
آزاد کشمیر کے غیور اور باشعور عوام اس طرح کے بھارتی ہتھکنڈوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے خطے میں ترقی، امن اور جمہوریت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔













