’محبت اور مہمان نوازی کبھی نہیں بھولوں گا‘،باکسر عامر خان کا پاکستان کے نام محبت بھرا پیغام

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے کراچی اور خصوصاً لیاری کے عوام کی محبت، مہمان نوازی اور کھیلوں سے وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان لمحات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عامر خان نے کہا کہ لیاری میں انہیں جو محبت، اپنائیت اور مہمان نوازی ملی  وہ ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے ساتھ فٹبال میچ دیکھنے کا موقع ملا اور انہیں یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ لیاری کے عوام کے دلوں میں فٹبال کے لیے غیرمعمولی جذبہ اور جنون پایا جاتا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں قائم باکسنگ اکیڈمی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی کہ ملک بھر میں جدید باکسنگ اکیڈمیاں قائم کی جائیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔

عامر خان نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ باکسنگ کے فروغ کے منصوبے کو فوری ترجیح دی جائے کیونکہ اس وقت ملک میں بے شمار باصلاحیت نوجوان مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں متعدد سرکاری ہالز اور خالی عمارتیں موجود ہیں جنہیں باکسنگ اکیڈمیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسرز کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف مؤثر منصوبہ بندی، جدید سہولیات اور بروقت اقدامات کی ہے۔

عامر خان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر حکومت فوری عملی اقدامات کرے تو پاکستان باکسنگ کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp