حکومت پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر منگل 4 اگست کو لاہور ضلع میں مقامی عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں امریکی خاتون اور 3 بچوں کی ہلاکت کا معمہ حل، پولیس نے حقائق سامنے رکھ دیے
پنجاب حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 4 اگست 2026 (منگل) کو حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں لاہور ضلع میں مقامی تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعطیل صرف لاہور ضلع اور وہاں قائم ماتحت سرکاری دفاتر تک محدود ہوگی۔
البتہ پنجاب سول سیکریٹریٹ، اس کے ماتحت محکموں اور علاقائی دفاتر پر اس تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہاں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری رہیں گے۔
پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
عرس کے دوسرے روز سیکیورٹی ہائی الرٹ
دوسری جانب حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز ملک بھر سے آنے والے ہزاروں زائرین کے پیش نظر لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیے: لاہور میں مہاراجا رنجیت سنگھ کی سمادھی، پنجاب کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی خاموش گواہ
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق داتا دربار پر زائرین کی حفاظت کے لیے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرانک بیریئرز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی اہلکار ہر آنے والے شخص کی مکمل جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ عرس میں شرکت کرنے والی خواتین اور بچوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ سینیئر پولیس افسران داتا دربار انتظامیہ اور عرس منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔
سی سی پی او نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ عرس کے دوران داتا دربار اور گردونواح میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے تاکہ زائرین کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں: لاہور میں ’مریم نواز اسپورٹس سٹی‘ کے منصوبے میں پیشرفت، عالمی معیار کی سہولیات ایک ہی مقام پر
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ عرس کی تقریبات اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے پیش نظر لاہور بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔














