یوم آزادی 14 اگست کی آمد کے ساتھ ہی شہر قائد میں جشن اور تیاریوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں کے کنارے پاکستانی پرچموں، جھنڈیوں اور مختلف آرائشی سامان کے رنگ برنگے اسٹالز سج گئے ہیں جنہوں نے فضا کو قومی جذبے اور حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، جگہ جگہ پرچموں کے اسٹال
شہر کی اہم شاہراہوں بشمول شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ، ناظم آباد اور گلشن اقبال اور دیگر علاقوں کے بازاروں میں جگہ جگہ عارضی اسٹالز قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان اسٹالز پر قومی پرچم، مختلف سائز کی جھنڈیاں، جے جے کے پینجز، بیجز، سبز و سفید کپڑے اور کڑے اور بچوں کے لیے خصوصی باجے اور کھلونے دستیاب ہیں۔
اسٹالز پر شہریوں کا خوب رش دیکھا جا رہا ہے۔ شہری اپنے گھروں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجانے اور 14 اگست کے جشن میں بھرپور انداز میں اپنا حصہ ڈالنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیے: جشن آزادی پاکستان: برج خلیفہ پاکستانی رنگوں سے جگمگا اٹھا
مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح رواں برس بھی یوم آزادی قریب آتے ہی شہریوں کی دلچسپی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ بالخصوص چھوٹے بچے بیجز اور جھنڈیوں کی خریداری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سڑک کنارے سجائے گئے یہ روشن اور دلکش اسٹالز کراچی میں 14 اگست کے جشن اور تیاریوں کو مزید رنگین بنا رہے ہیں۔













