بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے فلم انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دنوں کی مشکلات، سخت تنقید اور مسترد کیے جانے کے واقعات یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ شوٹنگ کے لیے دیر سے پہنچنے پر انہیں فلم کے سیٹ سے نکال دیا گیا تھا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران امیتابھ بچن سے سوال کیا کہ کیا اداکاروں کو بھی کھلاڑیوں کی طرح غلطیوں پر اپنے ڈائریکٹرز سے ڈانٹ سننا پڑتی ہے؟ جواب میں امیتابھ بچن نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کی مشکلات کا ذکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی سرجری نہیں ہوئی اور بالکل خیریت سے ہوں، امیتابھ بچن
اداکار کے مطابق انہیں اس وقت بارہا کہا جاتا تھا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی اور وہ قد میں بہت زیادہ لمبے ہیں اس لیے انہیں اداکار بننے کا خیال ترک کرکے گھر واپس چلے جانا چاہیے۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ فلموں میں کام ملنے کے بعد بھی انہیں مکالموں کی ادائیگی اور اداکاری کے انداز پر مسلسل تنقید اور اصلاح کا سامنا کرنا پڑا تاہم وقت کے ساتھ یہی رہنمائی ان کی اداکاری بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کی اسپتال سے پراسرار پوسٹ، مداحوں میں تشویش پھیل گئی
انہوں نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ شوٹنگ کے لیے دیر سے پہنچے۔ اس وقت ان کے پاس اپنی گاڑی بھی نہیں تھی اور وہ کسی دوسرے شخص کی گاڑی میں فلم کے سیٹ پر پہنچے تھے۔
امیتابھ بچن کے مطابق ہدایت کار سیٹ کے باہر ان کا انتظار کر رہے تھے اور انہیں دیکھتے ہی بتایا کہ شوٹنگ ختم کرکے تمام انتظامات سمیٹ دیے گئے ہیں۔ ہدایت کار نے انہیں وہاں سے جانے کے لیے بھی کہہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کامیابی کے باوجود امیتابھ بچن پریشان کیوں؟ اداکار کا چونکا دینے والا اعتراف
امیتابھ بچن کے فلمی سفر کے ابتدائی برس مشکلات سے بھرپور رہے۔ 1969 میں انہوں نے مرنال سین کی فلم ’بھون شوم‘ میں اپنی آواز دی جبکہ بطور اداکار ان کا باقاعدہ فلمی آغاز ’سات ہندوستانی‘ سے ہوا۔ اس سے قبل وہ آل انڈیا ریڈیو میں نیوز ریڈر کی ملازمت کے لیے آڈیشن بھی دے چکے تھے تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔
بعد ازاں فلم ’زنجیر‘ نے ان کے کیریئر کو نئی سمت دی اور وہ ہندی سنیما کے ’اینگری ینگ مین‘ کے طور پر مقبول ہوگئے۔ اس کے بعد ’دیوار‘، ’شعلے‘، ’ڈان‘، ’مقدر کا سکندر‘، ’ترشول‘، ’کالا پتھر‘ اور ’اگنی پتھ‘ سمیت متعدد کامیاب اور یادگار فلموں میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: راجپال یادو اور امیتابھ بچن کے تعلقات کا چیک باؤنس کیس میں انکشاف
پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی سفر کے دوران امیتابھ بچن نے مختلف نسلوں اور مختلف نوعیت کے کرداروں میں کام کیا اور بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اور بااثر اداکاروں میں اپنی منفرد شناخت برقرار رکھی۔














