بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں؟ کپتان نے بتا دیا

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی فٹنس کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل وہ ہاتھ کی انجری سے 90 فیصد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پری میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز دو پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا اور پریس کانفرنس کے بعد بھی ایک اور ٹریننگ سیشن میں شرکت کرنا تھی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مکمل میچ فٹنس کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

بابر اعظم نے کہاکہ ’ہاں، کل میں نے 2 ٹریننگ سیشنز کیے تھے اور اب اس کے بعد دوبارہ پریکٹس سیشن کے لیے جا رہا ہوں۔ میں 90 فیصد فٹ ہوں، کل کے میچ اور باقی سیریز کے لیے فٹ ہوں۔‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں کھیلا جائےگا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ انہیں رواں ماہ کے آغاز میں بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ واقعہ پاکستان کی پہلی اننگز کے 39ویں اوور میں پیش آیا، جب فاسٹ بولر مینی لمسڈن کی تیز گیند بابر اعظم کی انگلی پر لگی۔

گیند لگنے کے فوراً بعد بابر اعظم تکلیف میں دکھائی دیے، انہوں نے اپنا بیٹ چھوڑ دیا اور طبی عملے نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ بابر اعظم نے اس وقت 17 گیندوں پر 5 رنز بنائے تھے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک ماہ کے دوران بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے بابر اعظم کو پریکٹس میچ کے بقیہ حصے میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp