اگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو صرف خوراک اور ورزش پر توجہ دینا کافی نہیں، بلکہ نیند کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مسلسل کم نیند لینا وزن میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہر رات معمول سے صرف ڈیڑھ گھنٹہ کم سونا بھی چند ہفتوں کے دوران وزن اور کمر کے گھیر میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا الارم کے بغیر جاگنا ممکن ہے؟ نیند کی اندرونی گھڑی درست کرنے کا طریقہ
انٹرنل میڈیسن کے جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں کولمبیا یونیورسٹی ارونگ میڈیکل سینٹر کے محققین نے 95 ایسے بالغ افراد کا جائزہ لیا جو پہلے ہی دل یا میٹابولک بیماریوں کے خطرے سے دوچار تھے۔
تحقیق کے دوران شرکا کے ایسے 6 ہفتوں کا موازنہ کیا گیا جب وہ مناسب نیند لیتے تھے، اور پھر 6 ہفتوں کے اس عرصے کا جب ان کی نیند ہر رات تقریباً 90 منٹ کم کردی گئی۔
تحقیق کے نتائج نے ظاہر کیا کہ کم نیند والے 6 ہفتوں کے اختتام پر شرکا کا وزن اوسطاً ایک پاؤنڈ، یعنی تقریباً 450 گرام بڑھ گیا۔

اس کے ساتھ ان کی کمر کا گھیر بھی معمولی طور پر زیادہ پایا گیا۔ کم نیند کے دوران شرکا نے بیٹھنے میں بھی زیادہ وقت گزارا، تاہم ان کی درمیانے اور زیادہ شدت والی جسمانی سرگرمی میں نمایاں کمی نہیں دیکھی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وزن بڑھنے کے باوجود محققین کو شرکا کے جسم میں چربی یا پٹھوں کی مقدار میں نمایاں تبدیلی نہیں ملی۔
چونکہ تحقیق میں شرکا کی خوراک کی مقدار پر نظر نہیں رکھی گئی، اس لیے محققین یہ حتمی طور پر نہیں بتاسکے کہ وزن میں اضافے کی بنیادی وجہ کیا تھی۔
مزید پڑھیں: اپنی عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتے ہیں؟ وجہ ناقص نیند بھی ہو سکتی ہے، تحقیق
ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند جسم کے میٹابولزم، ہارمونز اور وزن کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ امریکی ماہر ڈاکٹر سومی جاوید کے مطابق مسلسل نیند کی کمی جسم کے لیے وزن کو قابو میں رکھنا مشکل بنا سکتی ہے۔
انہوں نے خاص طور پر سنِ یاس سے گزرنے والی خواتین کو زیادہ حساس قرار دیا، کیونکہ اس مرحلے میں نیند کے مسائل عام ہوجاتے ہیں اور جسم میں میٹابولزم بھی تبدیلیوں سے گزرتا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے بھی دل کی صحت کے لیے مناسب نیند کو اپنی زندگی کے 8 اہم اجزا میں شامل کیا ہے اور بالغ افراد کو ہر رات 7 سے 9 گھنٹے نیند لینے کی سفارش کی ہے۔

تاہم محققین نے واضح کیا کہ تحقیق کی مدت اور شرکا کی تعداد محدود تھی۔ چھ ہفتوں کا عرصہ جسم میں چربی کی نمایاں تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے لیے کم ہوسکتا ہے، جبکہ بعض ہارمونز کی پیمائش بھی صرف صبح کے وقت کی گئی۔
اس کے باوجود تحقیق اس بات کی جانب اہم اشارہ کرتی ہے کہ صحت مند وزن برقرار رکھنے کے لیے متوازن خوراک اور باقاعدہ ورزش کے ساتھ مکمل اور معیاری نیند بھی ضروری ہے۔














