وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو جدید تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری کے ساتھ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔
چارسدہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا۔ اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد حالات سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق مختلف عملی مشقوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ محسن نقوی نے اہلکاروں کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے سفارتی حفاظت پر مامور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی سعودی عرب میں تربیت کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں، تاہم تشدد، توڑ پھوڑ، املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہم ہے، اہلکار اپنی تربیت محنت اور لگن سے مکمل کریں اور مکمل پیشہ ورانہ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔ انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے اور تمام جوانوں کو گیس ماسک دینے کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیتی پروگرام میں تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی ہے جبکہ پہلی مرتبہ 35 خواتین اہلکار بھی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے حکومت کا ایف سی کو فیڈرل کانسٹیبلری کے نام سے ملک گیر فورس بنانے کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عالمی معیار کا سوئمنگ پول تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بیرکس کا دورہ کرکے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے، جبکہ تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت بھی دی۔ محسن نقوی نے گزشتہ دورے میں اٹھائے گئے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کی موجودہ صورتحال دریافت کی تو اہلکاروں نے بتایا کہ اب بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور مسئلہ حل کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے بھی فوری اقدامات کی ہدایت کی۔














