بھارت کی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکا، 11 افراد ہلاک، 5 زخمی

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشامبی میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق دھماکا پیر کی سہ پہر ضلع کوشامبی کے گاؤں منوری میں تھانہ پیپری کی حدود میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: چھتیس گڑھ کے پاور پلانٹ میں دھماکا، 9 افراد ہلاک

واقعے کے بعد 11 زخمیوں کو علاج کے لیے پریاگ راج کے ایس آر این اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے، جبکہ 5 شدید زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام ہلاک شدگان فیکٹری کے قریبی علاقے کے رہائشی تھے، جبکہ واقعے میں 18 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ فیکٹری کے علاوہ قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور فیکٹری سے متصل 5 سے 6 مکانات بھی منہدم ہوگئے۔

دھماکے کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں علاقے میں ہائی وولٹیج بجلی کا کھمبا اور بجلی کی تاریں بھی متاثر ہوئیں۔

مزید پڑھیں: بھارت: جالندھر میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے باہر زور دار دھماکا

بجلی کے محکمے کا عملہ متاثرہ تنصیب کی مرمت اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں مصروف ہے۔

دھماکے کی شدت کے باعث جائے وقوعہ کے قریب سے گزرنے والی دہلی-ہاوڑہ ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت تقریباً ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئی۔

اجمیر-سیالدہ ایکسپریس کو منوری ریلوے اسٹیشن واپس بھیج دیا گیا، جبکہ دہلی سے وارانسی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس کو جائے وقوعہ سے ایک اسٹیشن پہلے سید سرواں ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

ریسکیو کارروائیوں میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس، پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ایک درجن سے زائد فائر ٹینڈرز اور تقریباً 2 درجن ایمبولینسز جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی فضائیہ کے 50 سے زائد اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں معاونت کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: شمال مشرقی بھارت میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 18 مزدور ہلاک

فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا ہے، تاہم ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ بھاری مشینری اور تقریباً 10 بلڈوزروں کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے فی خاندان 2 لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp