سرن ویلی: ٹریکنگ کے دوران لاپتا آئرش سیاح کی تلاش کے لیے آپریشن دوبارہ شروع

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سرن ویلی میں موسیٰ کا مصلیٰ ٹاپ سے واپسی کے دوران لاپتا ہونے والے آئرش سیاح الیگزینڈر کو تلاش کرنے کا آپریشن منگل کی صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں بارش کے باوجود مشکل پہاڑی علاقے میں تلاش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روات قلعے سے وادی کیلاش تک: پاکستان کے کونسے 12 تاریخی ورثے عالمی شناخت کی دوڑ میں شامل ہیں؟

یہ سیاح ایک اور غیر ملکی سیاح کے ہمراہ 13 ہزار 500 فٹ بلند موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی کی سیاحت کے بعد لاپتا ہو گیا تھا۔ اس کی تلاش کے لیے آپریشن کل شروع کیا گیا تھا جس میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اہلکار، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور مقامی رضاکار شریک ہوئے۔

جاری آپریشن میں لاپتا سیاح کی تلاش کے لیے تقریباً 200 افراد حصہ لے رہے ہیں جن میں ریسکیو 1122 کا عملہ، پولیس اہلکار اور مقامی رضاکار شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کھوڑی سے پراچہ کے مشکل ترین علاقے کی جانب روانہ ہو چکی ہیں جہاں وہ ممکنہ مقامات، پہاڑی راستوں اور دیگر ایسے علاقوں کی تلاشی لے رہی ہیں جہاں سیاح کے جانے کا امکان ہو سکتا ہے۔

یہ سرچ آپریشن مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں جاری ہے جہاں بارش نے کوششوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ الیگزینڈر کو تلاش کرنے اور ان کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیے: چترال کی کالاش وادیاں یونیسکو کی ‘ورلڈ ہیریٹیج ٹینٹیٹو لسٹ’ میں شامل

ریسکیو 1122، پولیس، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا عملہ اور مقامی رہائشی مشترکہ طور پر اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جو تاحال جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp