عمران خان کے بیٹے نائیکوپ رکھنے کے باوجود پاکستان آنے کے لیے ویزا کا بہانہ بنارہے ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹے نائیکوپ رکھنے کے باوجود پاکستان آنے کے لیے ویزا نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوں کی دو مرتبہ بات کرانے کی کوشش بھی کی گئی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے بیٹوں کا واٹس ایپ نمبر صرف کالنگ پر جاتا ہے، جس کی وجہ سے ان سے رابطے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے بیٹوں کے نائیکوپ مؤثر، جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں سے ان کی بات کرانے کی دو مرتبہ کوشش کی گئی، تاہم ان کوششوں کے باوجود رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں کے پاس نائیکوپ موجود ہے، اس کے باوجود ان کی جانب سے ویزا نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا جاتا ہے۔

حالیہ دنوں میں حکومتی حلقوں کی جانب سے بھی یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ نائیکوپ رکھنے والے عمران خان کے بیٹے پاکستانی شہری کی حیثیت سے پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک بار پھر اداروں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اداروں پر تنقید اور انہیں نشانہ بنانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا ہے، جس سے سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا ہوتی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عدالتیں پہلے ہی واضح کرچکی ہیں کہ اگر جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تو ایسی ملاقاتیں روکی جاسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: نائیکوپ بننے کے کتنے ٹائم بعد سفر ممکن ہوتا ہے؟

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مبینہ قید تنہائی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے جیل حکام کو عمران خان کے اہل خانہ سے ملاقات اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ بھی عمران خان کو اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کرچکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp