بارش کے باعث گڑھے میں گرنے والی خاتون ٹخنہ توڑا بیٹھی، اسپتال کا بل لاکھوں میں آگیا

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر بنگلورو میں سڑک کے ایک گڑھے نے خاتون کو شدید زخمی کردیا، جس کے بعد اسے 5 روز اسپتال میں رہنا پڑا اور علاج پر تقریباً 2 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوگئے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق نجی شعبے میں کام کرنے والی ایشانی کھنہ 20 اگست کو وائٹ فیلڈ-ورتھور روڈ پر اسکوٹر پر دفتر جارہی تھیں۔ نیکسس مال کے قریب بارش کے دوران انہیں سڑک پر موجود ایک گڑھا نظر نہ آیا اور اسکوٹر اچانک گڑھے میں جا گرا۔

ایشانی نے بتایا کہ حادثے کے وقت بارش تیز تھی اور وہ احتیاط سے گاڑی چلا رہی تھیں، تاہم ایک گڑھا ان کی نظر سے اوجھل رہا۔ اسکوٹر گڑھے میں جانے کے بعد وہ اچھل کر سڑک پر جا گریں اور اسکوٹر بھی ان کے اوپر آ گرا۔

حادثے میں ان کے بائیں ٹخنے پر گہرے زخم آئے اور ہڈی کو شدید نقصان پہنچا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی پلاسٹک سرجری کی گئی اور وہ 5 دن تک زیر علاج رہیں۔

ایشانی کے مطابق اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد انہیں ایک لاکھ 97 ہزار بھارتی روپے کا بل ادا کرنا پڑا، جبکہ زخم مکمل طور پر ٹھیک نہ ہونے کی صورت میں انہیں ایک اور آپریشن بھی کرانا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی کہانی شیئر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سڑکیں فوری طور پر ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ کسی کے ساتھ بھی پیش آسکتا ہے اور خراب سڑکیں شہریوں کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلورو کے ڈے کیئر سینٹر میں بچوں پر مبینہ تشدد، واشنگ مشین میں بٹھانے اور باتھ روم میں بند کرنے کا انکشاف

این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں ایشانی نے کہا کہ حادثے نے انہیں جسمانی تکلیف کے ساتھ ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات سے بھی دوچار کردیا۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ 30 برس سے بنگلورو میں رہ رہی ہیں اور انہوں نے شہر کی سڑکوں کی صورتحال کو وقت کے ساتھ خراب ہوتے دیکھا ہے۔

بنگلورو، جسے بھارت کا ٹیکنالوجی مرکز اور ’سلیکن ویلی‘ بھی کہا جاتا ہے، میں ٹوٹی پھوٹی اور گڑھوں سے بھری سڑکیں شہریوں اور حکام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp