انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی کارکردگی مایوس کن، نئے کھلاڑیوں کے پاس خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے : بابراعظم

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم موجودہ صورتحال نئے کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آخری میچ میں ٹیم تینوں شعبوں، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں مجموعی طور پر اچھا نہیں کھیل سکی۔ ان کے مطابق ٹیم جب اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرے تو نتائج بھی توقعات کے مطابق نہیں آتے اور پھر اس طرح کی باتیں سامنے آتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’اصل کنگ‘ کون؟ کنگ چارلس کی بابر اعظم سے دلچسپ ملاقات

بابراعظم نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ کے لیے پچ اور حالات کو دیکھتے ہوئے جو ٹیم انہیں بہترین لگی، وہی میدان میں اتاری گئی، تاہم پاکستان مطلوبہ نتیجہ حاصل نہیں کرسکا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی فارم سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ آخری سیریز میں وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی رہے تھے۔ ان کے مطابق وائٹ بال کرکٹ میں فارم اچھی جارہی ہے، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کارکردگی نہیں دکھا سکے جو لوگ ان سے توقع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی میچ یا سیریز میں آپ کو کارکردگی دکھانا پڑتی ہے۔ موجودہ دورہ بھی ان کے لیے ایک موقع ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ٹیسٹ میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

نئے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ٹیم میں شامل کیے جانے پر بابراعظم نے کہا کہ یہ مشکل کے بجائے نئے کھلاڑیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تقریباً 12 کھلاڑیوں کا مجموعہ تیار ہے اور حتمی فیصلہ میچ سے قبل حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کی شاندار فارم، پی ایس ایل کے سی ای او نے نظرِ بد سے بچانے کے لیے منفرد انداز اپنا لیا

فاسٹ باؤلر رضا کی کارکردگی سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ حتمی طور پر حالات کا جائزہ لینے کے بعد بہترین امتزاج کے ساتھ میدان میں اترا جائے گا۔ ان کے مطابق ابھی پچ اور حالات کا حتمی جائزہ لینا باقی ہے۔

سائم ایوب کی واپسی اور ممکنہ بیٹنگ ترتیب کے حوالے سے بابراعظم نے کہا کہ تقریباً 12 کھلاڑیوں کی ٹیم تیار ہے اور حتمی امتزاج آج یا کل صبح طے کیا جائے گا۔

ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں اور کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق بابراعظم نے کہا کہ انہیں بھی ان فیصلوں کا علم بعد میں ہوا۔ ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو فیصلے کیے ہیں، ان کی بہتر وضاحت بورڈ حکام ہی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت کپتان بورڈ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں کے ساتھ چلنا ہوتا ہے اور ان کے خیال میں بورڈ نے فیصلے سوچ سمجھ کر کیے ہوں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ اگرچہ موجودہ سیریز پاکستان کے حق میں نہیں رہی، تاہم ٹیم کے پاس اب بھی خود کو آزادانہ انداز میں کھیلنے، میدان میں اترنے اور بحیثیت ٹیم اپنے آپ پر یقین رکھنے کا موقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’یہ بزدلانہ رویہ ہے‘، انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کھلاڑی آپے سے باہر

ان کے مطابق نئے کھلاڑیوں نے ٹیم کے ساتھ چند روز پریکٹس کی ہے، سینئر کھلاڑیوں نے ان سے بات چیت کرکے انہیں سمجھایا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں میں خاصا جوش بھی نظر آرہا ہے۔

اپنی ذاتی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے بابراعظم نے کہا کہ بحیثیت سینئر کھلاڑی کچھ اضافی ذمہ داری لینا پڑتی ہے اور مشکل حالات میں بھی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ہمیشہ یہ اصول رہا ہے کہ ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہر میچ ان کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دینے کا ایک نیا موقع ہے اور وہ گزشتہ کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے آنے والے میچ پر توجہ مرکوز رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp