وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق کا عمل تیز، آسان اور مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔
وزارتِ قانون و انصاف میں پاسپورٹ رولز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، محکمہ پاسپورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے سفری دستاویزات اور دیگر ضروری کاغذات کی بروقت تصدیق سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 2 ماہ تک خصوصی سہولت، پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو بھی کھلے رہیں گے
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دستاویزات اور ریکارڈ کی تصدیق کے لیے ایک مربوط نظام وضع کیا جائے تاکہ تصدیقی عمل تیز رفتار اور سہل بنایا جا سکے۔
انہوں نے ریکارڈ کی تصدیق کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے اور وزارتِ داخلہ کی سطح پر الیکٹرونک طریقہ کار متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ متعلقہ سوالات اور ضروری کارروائی جلد مکمل ہوسکے۔
وفاقی وزیر نے تصدیقی عمل میں انسانی مداخلت کم سے کم کرنے پر زور دیتے ہوئے ون ونڈو تصدیقی پورٹل متعارف کرانے کی تجویز بھی دی۔
مزید پڑھیں: وفاقی تعلیمی بورڈ کے انٹر نتائج کا اعلان، طالبات کا پلڑا بھاری
ان کا کہنا تھا کہ جدید اور مربوط نظام کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے غیرضروری مشکلات اور تاخیر سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تارکین وطن کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے موجودہ قواعد و ضوابط میں ضروری بہتری سے متعلق تجاویز بھی پیش کی جائیں۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو آئندہ اجلاس میں تصدیقی عمل کے حوالے سے واضح لائحہ عمل اور طریقہ کار پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سرکاری خدمات کو زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔














