قومی ون ڈے کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد طویل عرصے بعد ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ ہفتے سے شروع ہونے والی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔
بائیں ہاتھ کے مایہ ناز پیسر کی ڈومیسٹک ریڈ بال سرکٹ میں واپسی ان کے کیریئر کے ایک انتہائی اہم موڑ پر ہو رہی ہے۔ شاہین آفریدی کو ویسٹ انڈیز اور حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز، شاہین شاہ آفریدی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی
26 سالہ فاسٹ باؤلر نے 34 ٹیسٹ میچوں میں 126 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں ان کی باؤلنگ اسپیڈ میں کمی پر انہیں کڑی تنقید کا سامنا رہا جس کے باعث سلیکٹرز نے انہیں نئے ٹیسٹ پلانز سے دور رکھا۔
اب ڈومیسٹک فارمیٹ میں شاندار کارکردگی انہیں دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ سے دوری اور حالیہ فارم
سال 2018 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کے بعد سے شاہین نے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہت کم شرکت کی ہے۔ انہوں نے آخری بار 28 اکتوبر 2019 کو سیالکوٹ میں ناردرن کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلا تھا۔
تاہم ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے گزشتہ ماہ ‘پاکستان گولڈ’ کو نیشنل چیمپیئنز کپ کا ٹائٹل جتوایا۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک سمیت 13 وکٹیں لے کر وہ نمایاں ترین باؤلر ثابت ہوئے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا آغاز اور پی سی بی کی پالیسی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق 27-2026 کے ڈومیسٹک ریڈ بال سیزن کا آغاز 12 ستمبر سے 28 اکتوبر تک جاری رہنے والی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون سے ہو رہا ہے۔
اس 8 رکنی ٹورنامنٹ میں 28 چار روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ کے آر ایل اپنی مہم کا آغاز ہفتے کو پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی گلاس کے خلاف کرے گی۔
پی سی بی کی نئی پالیسیوں کے تحت بورڈ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دے رہا ہے تاکہ ان کی فارم اور فٹنس کو جانچا جا سکے۔
اس ٹورنامنٹ میں شاہین آفریدی کے علاوہ دیگر نامور کھلاڑی بھی جلوہ گر ہوں گے۔ آل راؤنڈر شاداب خان غنی گلاس، جبکہ فہیم اشرف کے آر ایل کی جانب سے شاہین کے ہمراہ میدان میں اتریں گے۔
سلمان علی آغا، سعود شکیل اور صائم ایوب ‘کنگزمین اکیڈمی’ کی نمائندگی کریں گے۔ امام الحق ‘او جی ڈی سی ایل’ کی قیادت کریں گے، حارث رؤف ‘پی ٹی وی’ اور محمد رضوان ‘ایس این جی پی ایل’ کے لیے کھیلیں گے۔
پشاور، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ سے سلیکٹرز کو قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور نئے ٹیلنٹ کا جائزہ لینے کا بہترین موقع ملے گا۔














