ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز، شاہین شاہ آفریدی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ دوروں سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، کیونکہ سلیکٹرز قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ اٹیک میں تبدیلیوں پر غور کر رہے ہیں۔

مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں ریڈ بال کیمپ کے لیے 22 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں شاہین آفریدی کا نام شامل نہیں تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عدم شرکت کے باعث انہیں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ: شاہین شاہ آفریدی نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

یہ پیش رفت اس حقیقت کے باوجود سامنے آئی ہے کہ شاہین آفریدی حالیہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ تھے، جہاں یہ معیار لاگو نہیں کیا گیا تھا۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچز میں 60 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ پاکستان کے تجربہ کار ریڈ بال باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں۔

شاہین نے 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جہاں انہوں نے صرف 2 میچز میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پہلے ٹیسٹ میں 8 جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں ان کے نام رہیں۔

رپورٹ کے مطابق سلیکٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے خواہاں ہیں، جس کے تحت محمد علی اور عبید شاہ مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ محمد عباس، عامر جمال اور خرم شہزاد بھی سلیکشن کی دوڑ میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل میچ میں فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام، اوپنر سمیت شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف مشکلات کا شکار

شاہین شاہ آفریدی کو اکثر ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان کے اہم ہتھیار کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے، تاہم اب سلیکٹرز موزوں پچز پر بھی انہیں نظر انداز کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

25 سالہ فاسٹ بولر اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 34 میچز میں 126 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ 22 کھلاڑیوں پر مشتمل ریڈ بال کیمپ 8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا۔

پاکستان ٹیم 25 جولائی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرے گی، جس کے بعد 19 اگست سے  انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp