بھارتی ریاست گجرات کے ضلع سریندر نگر میں مشہور ترنیتر میلے کے دوران ہونے والے لڈو کھانے کے دلچسپ مقابلے نے شرکا کے ساتھ ساتھ تماشائیوں کی بھی بھرپور توجہ حاصل کی۔ مقابلے میں دفاعی چیمپئن بالونت بھائی راگھوانی نے 30 منٹ میں چنے کے آٹے کے 28 لڈو کھا کر اپنا ٹائٹل برقرار رکھا۔
یہ مقابلہ میلے میں منعقد ہونے والے ’دیہی اولمپکس‘ کا حصہ تھا، جس میں 25 سے 75 سال کی عمر کے 28 افراد نے شرکت کی۔
مقابلے کے شرکا کو 30 منٹ کا وقت دیا گیا، جس کے دوران انہیں دال کے ساتھ میٹھے بیسن کے زیادہ سے زیادہ لڈو کھانے تھے۔
مقابلہ شروع ہوا تو تماشائیوں نے شرکا کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خوب تالیاں بجائیں اور نعرے لگائے۔ پہلے 15 منٹ میں کئی امیدوار مقابلے سے باہر ہوگئے، جبکہ بعض شرکا تقریباً 15 لڈو کھانے میں کامیاب رہے۔
دیکھتے ہی دیکھتے مقابلہ چند امیدواروں تک محدود ہوگیا اور آخری مرحلے میں صرف 5 افراد رہ گئے۔ تماشائی اس وقت مزید پرجوش ہوگئے جب شرکا نے 22، پھر 24 اور اس کے بعد 26 لڈو کھانے کا ہندسہ عبور کیا۔
تاہم آخری بازی دفاعی چیمپئن بالونت بھائی راگھوانی نے اپنے نام کرلی۔ ونچھیا تعلقہ کے گاؤں اوری سے تعلق رکھنے والے بالونت بھائی نے 30 منٹ میں 28 لڈو کھا کر گزشتہ سال کی کامیابی بھی برقرار رکھی اور مسلسل دوسری مرتبہ مقابلے کے فاتح قرار پائے۔
مقابلے کے قواعد کے مطابق بالونت بھائی واحد فاتح قرار پائے اور انہیں 2 ہزار بھارتی روپے نقد انعام دیا گیا۔











