چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے اپنی دوسری شادی کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی ہے، جو آنجہانی آئرش کاروباری شخصیت، میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلم اور دستاویزی منصوبوں پر کام کے دوران ہوئی تھی اور دونوں گزشتہ تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔
جمائما کی بھابھی نے بھی شادی کی خبر سب سے پہلے شیئر کرنے والوں میں شامل ہوتے ہوئے بین گولڈ اسمتھ کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی۔ انہوں نے کیپشن میں جمائما اور کیمرون کی شادی کی خوشی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جمائما گولڈ سمتھ کے نئے شوہر کون ہیں؟
کیمرون او ریلی سے شادی جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک تھیں۔ دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔ سابق جوڑے کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم خان ہیں۔
طلاق کے باوجود جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی پاکستان میں قید اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی متعدد مواقع پر آواز اٹھا چکی ہیں۔
گزشتہ ماہ جمائما نے برطانوی حکومت سے عمران خان کی صورتِ حال پر آواز اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی حراست کو ’’انسانی حقوق کی ہنگامی صورتِ حال‘‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے عمران خان کی صحت، تنہائی اور اہلِ خانہ سے رابطے تک رسائی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے علیحدگی کے 22 سال بعد دوبارہ شادی کرلی
جمائما اپنے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کے ہمراہ لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ دیکھنے بھی پہنچی تھیں، جہاں ان کے بیٹوں نے اپنے والد کی رہائی کے لیے جاری عوامی مہم میں حصہ لیتے ہوئے #FreeImranKhan ہیش ٹیگ استعمال کیا۔
پاکستان میں قیام کے دوران بننے والا جمیما کا ملک سے تعلق آج بھی برقرار ہے۔ تین سال قبل جیو نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے پاکستان میں اپنی زندگی، زمان پارک میں قیام، پاکستانی معاشرے اور ثقافت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی تھی اور پاکستانی عوام سمیت ملک کے تخلیقی ٹیلنٹ سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا۔
فلمی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جمائما نے بتایا تھا کہ وہ پاکستان کے ایسے خوبصورت اور رنگا رنگ تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتی تھیں جس سے وہ خود اپنے قیام کے دوران واقف ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی عدالت سے جمائما گولڈ اسمتھ کو ایک ہزار پاؤنڈ جرمانے کی سزا، وجہ کیا بنی؟
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی فلم بنانا چاہتی تھیں جس میں پاکستان کے ’’رنگا رنگ، خوبصورت اور خوشگوار‘‘ پہلو کو دکھایا جائے، نہ کہ وہ تصویر جو اکثر مغربی اسکرینز پر پاکستان کے حوالے سے پیش کی جاتی ہے۔
جمائما نے اسی مقصد کے تحت پاکستان کے پس منظر میں ایک رومانوی کامیڈی فلم بنانے کا منصوبہ پیش کیا، جس میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کے علاوہ شبانہ اعظمی، للی جیمز، ایما تھامسن اور شہزاد لطیف نے بھی اداکاری کی۔












