بشریٰ انصاری کی فلمی دنیا میں واپسی، فہد مصطفیٰ کے ساتھ بڑے منصوبے کا اعلان

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جلد فلمی دنیا میں واپسی کرنے جارہی ہیں اور ان کا نیا فلمی منصوبہ اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ ہے۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ بیرونِ ملک مصروفیات کے بعد وہ اب پاکستان واپس آچکی ہیں اور تین نئے منصوبوں میں کام کرنے جارہی ہیں، جن میں دو ڈرامہ سیریلز اور ایک فلم شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری کی مہنگائی پر تشویش، صاحبِ استطاعت افراد سے غریبوں کا ساتھ دینے کی اپیل

اداکارہ کے مطابق فہد مصطفیٰ کی فلم کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہونے کا امکان ہے تاہم فلم کی مکمل کاسٹ ابھی مکمل نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ معروف کامیڈین سہیل احمد، جو ’عزیزی‘ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں وہ بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔

بشریٰ انصاری نے مزید بتایا کہ ان کے دو ڈراموں کی شوٹنگ بالترتیب اکتوبر اور نومبر میں شروع ہوگی جبکہ اب وہ پاکستان میں رہ کر اپنے نئے منصوبوں پر توجہ دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: طلاق کے بعد بھی سابق شوہر کا نام کیوں نہیں ہٹایا؟ بشریٰ انصاری نے وجہ بتا دی

اداکارہ نے تصدیق کی کہ رواں سال ڈرامہ ’شیدائی‘ میں نظر آنے کے بعد یہ ان کے نئے پراجیکٹس ہیں۔ بشریٰ انصاری نے سماجی مسائل پر اپنے مؤقف اور سوشل میڈیا پر تنقید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عموماً معاشرے میں پیش آنے والے اہم اور متعلقہ واقعات پر ہی بات کرتی ہیں۔

انہوں نے میر رضا اور مصطفیٰ عامر کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی معاملہ حد سے زیادہ تکلیف دہ محسوس ہو تو وہ اس پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں، تاہم ان کے بقول وہ ایسی بات نہیں کرتیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

یہ بھی پڑھیں: سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی طلاق کیوں ہوئی؟ بشریٰ انصاری کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی

بشریٰ انصاری نے فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریشے عدنان ایک باصلاحیت ڈیزائنر ہیں اور پروگرام میں گفتگو کا مرکز ان کی کامیابی ہونی چاہیے تھی، نہ کہ ان کے لباس یا ذاتی انتخاب۔

پریشے عدنان نے حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں اپنی ’سیکنڈ اسکن‘ کلیکشن پیش کرتے ہوئے شو کا اختتام کیا تھا۔ تاہم پروگرام کے دوران میزبان نادیہ خان نے ان کے جم کے لباس اور والدین کی جانب سے ان کے انتخاب کو قبول کیے جانے سے متعلق سوالات کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: میری عمر پر تنقید چھوڑیں اور کچھ نیا سوچیں، لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کا ناقدین کو مشورہ

بشریٰ انصاری نے پریشے عدنان کو ان کے کام اور انداز کے حوالے سے منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا لباس اور ذاتی انداز ان کا اپنا معاملہ ہے۔ اداکارہ نے نادیہ خان کو اپنی بیٹی کی طرح قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے موقع پر اس معاملے پر براہِ راست بات کرسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے بعد نادیہ خان کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کے خیال میں آن لائن تنقید کی بھی ایک حد ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ہنسی، مذاق کی اجازت نہیں تھی، بشریٰ انصاری نے شادی کے بعد سسرال میں پہلی عید کے تلخ تجربات بیان کردیے

بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر موجود نام نہاد ناقدین کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل ہر شخص خود کو ناقد سمجھنے لگا ہے، چاہے اسے ڈراموں کے بارے میں معلومات ہوں یا نہ ہوں اور اس کا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہو یا نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ اب کوئی بھی شخص دو مائیک لگا کر پوڈکاسٹ شروع کرتا ہے اور پھر ہر کسی پر تنقید کرنا شروع کردیتا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں کوئی بھی شخص کسی کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے، تاہم تنقید میں بھی ایک حد ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp