اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی دوڑ، ریبیکا گرینسپین ایک بار پھر سرفہرست

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی خفیہ پول میں سابق کوسٹا ریکن نائب صدر ریبیکا گرینسپین ایک بار پھر اقوام متحدہ کی اگلی سیکریٹری جنرل بننے کی دوڑ میں سرفہرست رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں سفارتی عمل سے واقف ذرائع کے مطابق بتایا گیا ہے کہ 15 رکنی سلامتی کونسل میں منگل کو ہونے والے چوتھے خفیہ پول میں ریبیکا گرینسپین نے سب سے زیادہ حمایت حاصل کی۔

یہ پول نیویارک میں گزشتہ ہفتے عالمی رہنماؤں کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد منعقد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے نئے سربراہ کے انتخاب کا عمل شروع، 6 امیدوار میدان میں، پہلی خاتون سیکریٹری جنرل بننے کا امکان بھی زیر بحث

جولائی اور ستمبر میں ہونے والے پہلے اور تیسرے پولز میں بھی ریبیکا گرینسپین معمولی برتری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی تھیں، جبکہ اگست کے پول میں گیانا کی اقوام متحدہ میں سفیر کیرولین روڈریگز برکٹ سرفہرست رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق تازہ پول میں ریبیکا گرینسپین کو 10 ارکان نے ’حوصلہ افزائی‘، 3 نے ’حوصلہ شکنی‘ اور 2 نے ’کوئی رائے نہیں‘ کا اظہار کیا۔ روڈریگز برکٹ کو 8 ارکان کی جانب سے حوصلہ افزائی، 6 کی جانب سے حوصلہ شکنی اور ایک کی جانب سے کوئی رائے نہیں ملی۔

اقوام متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی بھی اہم امیدواروں میں شامل ہیں، انہیں 8 ’حوصلہ افزائی‘ اور 7 ’حوصلہ شکنی‘ کے ووٹ ملے۔

سابق چلی کی صدر میشیل بیچلیٹ کے رواں ماہ دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد اب 7 امیدوار اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے میدان میں ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی قیادت کس کے ہاتھ آئے گی؟ 4 خواتین اور 2 مرد دوڑ میں شامل

پرتگال کے سابق وزیراعظم اور موجودہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 2 مرتبہ اپنی 5 سالہ مدتیں مکمل کرنے کے بعد رواں سال کے اختتام پر عہدہ چھوڑ دیں گے، تاہم مزید امیدوار بھی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں۔

اگلے سیکریٹری جنرل کو متعدد عالمی بحرانوں، مختلف جنگوں، امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کے لیے مالی معاونت میں کمی اور عالمی سطح پر ادارے کی سیاسی اہمیت میں کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔

سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے لیے بالآخر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان، یعنی امریکا، چین، روس، فرانس اور برطانیہ کی رضامندی ضروری ہوگی۔ 2016 میں انتونیو گوتریس کے انتخاب کے وقت سلامتی کونسل کو اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے چھ غیر رسمی پولز کا انعقاد کرنا پڑا تھا۔

سلامتی کونسل حتمی طور پر ایک امیدوار کی سفارش 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو کرے گی، جس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کونسل کے نامزد امیدوار کی منظوری دے گی۔

غیر رسمی پولز کے دوران سلامتی کونسل کے ارکان خفیہ بیلٹ کے ذریعے امیدواروں کے بارے میں حوصلہ افزائی، حوصلہ شکنی یا کوئی رائے نہیں کا اظہار کرتے ہیں۔ آئندہ بھی ایسے کئی پولز متوقع ہیں۔

اقوام متحدہ کے 80 سال سے زائد عرصے کی تاریخ میں اب تک کوئی خاتون سیکریٹری جنرل نہیں بن سکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp