خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے 2 الگ الگ واقعات میں 3 سرکاری ملازمین اور 2 شہری جاں بحق، جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں بائی پاس کے مقام پر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے ہائی وے پولیس کی موبائل وین کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ہائی وے پولیس موبائل کا ڈرائیور جاں بحق، جبکہ موبائل کے انچارج سبحان سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید
دوسرا واقعہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود میں ابھایا والا پل کے قریب بھٹی پیٹرول پمپ پر پیش آیا، جہاں ایف بی آر کے اہلکار موجود تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پیٹرول پمپ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایف بی آر کے 2 اہلکار اور 2 شہری جاں بحق ہوگئے۔
دونوں واقعات کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیے ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ اسکول پر حملے میں 6 اہلکار اور امام مسجد شہید، 5 دہشتگرد ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔














