پاکستان کے ٹی20 کرکٹ اسکواڈ کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کا موقع ملنا ان کے لیے انتہائی باعثِ فخر ہے اور وہ ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قوم کو فتح کا تحفہ دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اور فخر زمان کی اسکواڈ میں شمولیت سے ٹیم کا کمبینیشن مضبوط ہوا ہے، ان شاء اللہ سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ’کپتان کو فرنٹ لائن سے لیڈ کرنا ہوتا ہے اور مجھے پہلی بار قومی ٹیم کی کپتانی کا موقع مل رہا ہے‘۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتنی بڑی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے انتہائی فخر کا مقام ہے اور وہ اس اعزاز کا بھرپور دفاع کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میدان میں بہترین اسکواڈ اتارا جائے گا۔
پریشر اور انفرادی کارکردگی
قومی کپتان نے دباؤ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پریشر ضرور ہوتا ہے لیکن اسے سر پر سوار نہیں کرنا ہوتا۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔ ’میں خود بھی بھرپور کوشش کروں گا کہ بطور کپتان اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھاؤں اور قوم کو فتح کا تحفہ دوں‘۔
سینیئرز کی واپسی اور جارحانہ حکمتِ عملی
اسکواڈ کے ترکیب پر بات کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے بتایا کہ شاداب خان اور فخر زمان کی اسکواڈ میں شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں احسن نواز اور معاذ صداقت جیسی جارحانہ بیٹنگ کی ضرورت ہے اور میں خود بھی اسی انداز میں کھیلنے کی کوشش کروں گا‘۔ ان کے مطابق ٹیم میں بہترین کمبینیشن بن چکا ہے۔
ونڈے فارمیٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ ’ونڈے پر فی الحال بات نہیں کروں گا، تاہم پوری 20 ہسٹری میں پاکستان کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے‘۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کھلاڑی ہر میچ میں اپنی کارکردگی کو پہلے سے بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 فارمیٹ میں ایک متوازن اور جارحانہ انداز اپنانے کے لیے نوجوان قیادت کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔
ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان کی تاریخ اور مجموعی ریکارڈ ہمیشہ ممتاز رہا ہے، اور موجودہ سیریز میں سینئر و جونیئر کھلاڑیوں کا ملا جلا امتزاج ٹیم کی کامیابی کے امکانات کو مزید روشن کرتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 میچوں کی سریز شروع ہونے والی جس کے لیے مہمان ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔














