خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے فیصلے کو شہریوں نے ’یومِ نجات‘ قرار دے دیا، مٹھائیاں تقسیم

اتوار 11 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے بعض شہریوں نے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’یومِ نجات‘ قرار دیا ہے اور خوشی کے اظہار کے لیے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ شہریوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر گزشتہ 13 سے 14 سال کے دوران کرپشن، ترقیاتی کاموں میں ناکامی اور دھرنوں کی سیاست کو ترجیح دینے کے الزامات عائد کیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ صوبے میں طویل عرصے سے ایسی حکومت رہی جس کی کارکردگی سے وہ مطمئن نہیں تھے۔ ان کے بقول، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے لیے مختص فنڈز سے خاطرخواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے اور سیاسی سرگرمیوں، جلسوں اور دھرنوں پر توجہ دینے کے باعث صوبہ ترقی میں پیچھے رہ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا فیصلہ، سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت کہاں ہے؟

انہوں نے پی ٹی آئی پر قومی اداروں کے خلاف بیانیہ اپنانے اور ملک میں سیاسی انتشار کو فروغ دینے کے الزامات بھی عائد کیے۔ شہریوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت سے نجات کے فیصلے پر خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نئے انتظامی سیٹ اپ میں دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

شہریوں نے نئے نظام سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کی امید بھی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو جلسوں، جلوسوں اور ہڑتالوں کی سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی پر توجہ دینے والی حکومت کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp