خیبر پختونخوا میں آئینی ایمرجنسی کے نفاذ کا خیرمقدم، گورنر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی حمایت

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ  امجد حسین نے خیبر پختونخوا میں آئینی ایمرجنسی کے نفاذ اور ریاستی رٹ بحال کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

گورنر ہاؤس گلگت بلتستان سے جاری بیان کے مطابق سید مہدی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آئینی ایمرجنسی کا فیصلہ مشکل ضرور تھا، تاہم صوبے کو بدانتظامی، کرپشن اور سیاسی انتشار سے بچانے کے لیے یہ ناگزیر ہو چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران خیبر پختونخوا کو بدترین طرز حکمرانی کا سامنا کرنا پڑا اور صوبہ ترقی کے بجائے احتجاج اور افراتفری کی سیاست کی نذر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد مارچ سے گورنر راج تک: سہیل آفریدی نے خود کو بند گلی میں کیسے دھکیلا؟

گورنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن، روزگار اور ترقی چاہتے ہیں، انتشار نہیں۔ انہیں امید ہے کہ اس آئینی اقدام کے بعد صوبے میں میرٹ بحال ہوگا، کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے خیبر پختونخوا میں سیاسی حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوششیں کیں، تاہم پی ٹی آئی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی خطرات اور سرحد پار سے بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے تناظر میں وفاقی حکومت کے پاس ریاست کی حاکمیت اور رٹ قائم کرنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp