وزیراعظم سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ باہمی مفادات کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے تعاون کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی روس کی خواہش کا اظہار کیا۔

روسی وزیر داخلہ نے مختلف کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے روس کی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون پر روس کی آمادگی ظاہر کی۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے منظم جرائم کی روک تھام کے لیے پاکستان اور روس کے درمیان تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp