وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2026 کے فاتحین کا اعلان، دل چھو لینے والی تصاویر سامنے آگئیں

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2026 کے مقابلے میں سیاہ و سفید تصاویر نمایاں رہیں، اٹلی کے فوٹوگرافر فیڈریکو ویرونی نے مردہ ہاتھی کے بچے کو اٹھائے مادہ ہاتھی کی تصویر پر سال کے بہترین وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم نے منگل 13 اکتوبر کو وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2026 کے فاتح کا اعلان کیا۔ فیڈریکو ویرونی کی تصویر کا عنوان ‘دی آفٹر میتھ’ ہے، جس میں نمیبیا کی وادی حواب کے خشک دریا میں ایک مادہ ہاتھی کو مردہ بچے کو اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرد فوٹو گرافرکا کمال، انٹرنیٹ پر تہلکا، چاند کے ایسے مناظر جو کبھی نہ دیکھے ہوں گے

فیڈریکو ویرونی نے یہ تصویر اس وقت بنائی جب وہ ہاتھیوں کا تعاقب کر رہے تھے۔ انہیں خشک دریا کی ریت میں گھسیٹنے کے غیر معمولی نشانات دکھائی دیے، جن کی مدد سے وہ اس منظر تک پہنچے۔

بی بی سی کے مطابق، فیڈریکو ویرونی نے ابتدا میں خیال کیا کہ مردہ بچہ اسی مادہ ہاتھی کا ہے، تاہم محققین نے بتایا کہ اس مادہ ہاتھی کا اپنا بچہ کئی سال پہلے مر گیا تھا اور وہ دوسری مادہ ہاتھیوں کے مردہ بچوں کو اٹھاتی رہی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by BBC News (@bbcnews)

فیڈریکو ویرونی نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی فوٹوگرافی کے 20 سالہ تجربے میں یہ ان کے لیے سب سے زیادہ دل شکستہ کرنے والا، حیران کن اور ڈرامائی منظر تھا۔ ان کے مطابق یہ تصویر جانوروں کے جذبات اور احساسات کی گہرائی اور پیچیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حوصلے، محنت اور فن کا سفر، ڈیرہ اسماعیل خان کی باحجاب فوٹوگرافر نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا

مقابلے کی چیئرپرسن کیتھی موران نے تصویر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کئی پہلوؤں سے اہم ہے۔ ان کے مطابق یہ تصویر جذباتی طور پر دل کو جھنجھوڑ دیتی ہے اور علمی اعتبار سے اس بات کا ثبوت فراہم کرتی ہے کہ جانوروں میں ادراک کی صلاحیت موجود ہے۔

نوجوان وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا اعزاز بھی برطانوی فوٹوگرافر کے نام

نوجوان وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2026 کا اعزاز برطانوی فوٹوگرافر آسکر وٹفیلڈ نے حاصل کیا۔ انہوں نے گوبر کے گولے کو دھکیلتے ہوئے ایک گوبر کے بھنورے کی تصویر بنائی، جس کا عنوان ‘لیبر آف لوو’ رکھا گیا۔

تصویر میں بھنورے کو زمین کے قریب سے دکھایا گیا ہے، جو تیز دھوپ میں گرد آلود زمین پر اپنے قیمتی بوجھ کو آگے دھکیلنے کے لیے پوری قوت لگا رہا ہے۔ یہ منظر زمبابوے کے زیمبیزی نیشنل پارک میں عکس بند کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp