جوان اور شاداب جلد کے لیے کیا کھائیں؟ جانیے ایسی غذائیں جو جھریاں کم کرتی ہیں

منگل 20 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہرین نے ایسی غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو انسان کی جلد کو جوان اور شاداب رکھنے میں مدد دیتی اور جھریاں کم کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھرپور صحت: ہفتے میں یہ نباتاتی غذائیں کھائیں اور دیکھیں اس کا کمال

رنگ برنگے پھلوں اور سبزیوں سے لے کر گری دار میووں، صحت بخش چکنائی اور خمیر شدہ غذاؤں تک، روزمرہ خوراک میں چند تبدیلیاں جلد کی نمی، لچک اور ساخت بہتر بنانے کے ساتھ عمر بڑھنے کے اثرات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

جلد انسانی جسم کا سب سے بڑا عضو ہے اور زندگی بھر بیرونی ماحول کے اثرات کا سامنا کرتی ہے۔ یہ نہ صرف ہماری ظاہری شخصیت اور خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ جسم کو بیرونی نقصان دہ عوامل سے محفوظ رکھنے کے ساتھ مجموعی صحت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

تاہم فضائی آلودگی، اوزون، سورج کی روشنی اور موسمیاتی تبدیلیوں سمیت کئی ماحولیاتی عوامل جلد کی عمر بڑھنے کے عمل کو تیز کر سکتے ہیں۔

لائبنز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار انوائرنمنٹل میڈیسن کے شعبہ امراض جلد کے پروفیسر ژاں کروٹمین کے مطابق کئی دہائیوں تک یہ سمجھا جاتا رہا کہ سورج کی (الٹرا وائلٹ ریز) بالائے بنفشی شعاعیں جلد کی عمر بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ ہیں لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ قدرتی سورج کی روشنی میں موجود دیگر شعاعیں، بشمول مرئی روشنی اور زیریں سرخ شعاعیں بھی جلد کو متاثر کرتی ہیں۔ حتیٰ کہ درجہ حرارت میں اضافہ بھی اس عمل میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیے: بہت زیادہ گرم چائے یا کافی غذائی نالی کو نقصان پہنچا کر کینسر کا خطرہ بڑھا سکتی ہے

اس کے علاوہ عمر بڑھنے کے ساتھ جلد میں کولیجن نامی پروٹین کی مقدار بھی بتدریج کم ہونے لگتی ہے۔ یہی پروٹین جلد کو ساخت، مضبوطی اور لچک فراہم کرتا ہے اور اس میں کمی کے نتیجے میں جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔

تاہم جلد کو صحت مند، شاداب اور نسبتاً جوان رکھنے میں ایک اہم کردار ہماری روزمرہ خوراک کا بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق صحت بخش چکنائی، رنگ برنگے پھلوں اور سبزیوں سمیت بعض مخصوص غذاؤں کا باقاعدہ استعمال جلد کو ماحولیاتی نقصان سے بچانے اور اس کی حالت بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

رنگ برنگے پھل اور سبزیاں

متعدد تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پودوں پر مبنی غذاؤں سے بھرپور خوراک جلد کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: رات کا کھانا کب کھانا چاہیے؟ صرف غذا نہیں وقت بھی اہم ہے

خاص طور پر مختلف رنگوں کے پھلوں اور سبزیوں میں ایسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جلد کو فضائی آلودگی اور سورج کی روشنی سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔

گاجر، شملہ مرچ اور ٹماٹر میں کیروٹینائڈز نامی قدرتی رنگ دار اجزا پائے جاتے ہیں جن میں لیوٹین، لائیکوپین اور بیٹا کیروٹین شامل ہیں۔

جرمنی کی فریڈرک شلر یونیورسٹی کے شعبہ غذائی کیمیا کے پروفیسر وولکر بوم کے مطابق یہ اجزا جسم کے چربی والے ٹشوز میں جمع ہو کر جلد کو بالائے بنفشی شعاعوں کے اثرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

ان کے مطابق سن اسکرین کا استعمال اپنی جگہ اہم ہے لیکن عام طور پر لوگ اسے روزانہ لگانے کے بجائے زیادہ دیر دھوپ میں رہنے کی صورت میں استعمال کرتے ہیں۔ اس کے برعکس کیروٹینائڈز سے بھرپور غذاؤں کا باقاعدہ استعمال سال بھر جلد کو بالائے بنفشی شعاعوں سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد دے سکتا ہے جس کی سطح تقریباً 2 سے 3 ایس پی ایف کے برابر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: الٹرا پراسیسڈ غذاؤں سے بچنے کے آسان طریقے، صحت بخش متبادل کونسے؟

ماہرین کے مطابق ٹماٹر یا گاجر کے ساتھ زیتون کے تیل جیسی صحت بخش چکنائی کی تھوڑی مقدار استعمال کرنے سے جسم کو ان اینٹی آکسیڈنٹس کو جذب کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

بیٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے جو جلد کے خلیات کی نشوونما اور جلد کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم ہے۔

کیروٹینائڈز جلد کے خلیات میں ہائیلورونک ایسڈ کی پیداوار میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔ یہ قدرتی مادہ جلد کی مضبوطی اور لچک برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اسی لیے اسے جلد کو جوان رکھنے والی متعدد کریموں اور موئسچرائزرز میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ قدرتی رنگ دار اجزا کولیجن کی مقدار برقرار رکھنے میں بھی مددگار ہو سکتے ہیں۔ ایک محدود تحقیق میں خواتین کو 10 ماہ تک روزانہ کیروٹینائڈز پر مشتمل سپلیمنٹ دیا گیا تو ان کی جلد میں کولیجن اور ایلاسٹن کی سطح میں بہتری دیکھی گئی، جس سے اشارہ ملا کہ یہ اجزا کولیجن کے ٹوٹنے کے عمل کو سست کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف رنگوں کے پھل اور سبزیاں کھانے سے جلد کی ظاہری تازگی اور قدرتی چمک بھی بہتر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہڈیاں مضبوط رکھنی ہیں تو صرف دودھ کافی نہیں، یہ غذائیں بھی روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں

تاہم ماہرین کے مطابق ان غذاؤں کے فوائد حاصل کرنے کے لیے انہیں مستقل بنیادوں پر خوراک کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ ژاں کروٹمین کا کہنا ہے کہ اینٹی آکسیڈنٹس کے جلد پر قابل پیمائش اثرات ظاہر ہونے میں عموماً 8 سے 10 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

آم بھی جلد کو جوان رکھنے میں مددگار

تحقیقی مطالعات میں آم کو بھی جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے والی غذا قرار دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کی محقق ویوین فام کی سربراہی میں سنِ یاس سے گزرنے والی خواتین پر ایک تحقیق کی گئی۔ اس میں شریک خواتین نے 16 ہفتوں تک ہفتے میں 4 مرتبہ 85 گرام آم کھایا۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اس معمول سے جلد پر پہلے سے موجود جھریوں کی جسامت میں کمی آئی اور نئی جھریاں بننے کی تعداد بھی کم ہوئی۔

محققین کے مطابق اس فائدے کی ممکنہ وجہ آم میں موجود کیروٹینائڈز کے علاوہ فلیونوئڈز اور مینگیفیرن جیسے اینٹی آکسیڈنٹس ہو سکتے ہیں۔

تاہم تحقیق میں ایک دلچسپ بات یہ بھی سامنے آئی کہ روزانہ تقریباً 250 گرام آم کھانے والی خواتین کی جلد پر جھریوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

مزید پڑھیے: بحیرہ روم کی غذا بڑھاپے میں بھی ذہنی صحت بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، نئی تحقیق

تحقیق کے شریک مصنف اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کے شعبہ غذائیت کے پروفیسر رابرٹ ہیکمین کے مطابق اس کی حتمی وجہ واضح نہیں تاہم محققین کا خیال ہے کہ آم میں قدرتی شکر کی زیادہ مقدار جلد کے خلیات میں موجود سالمات کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہے۔

ان کے مطابق اگرچہ یہ تحقیق محدود پیمانے پر کی گئی تھی، تاہم بعد میں ہونے والی ایک اور تحقیق میں بھی اس کے نتائج دہرائے گئے جسے تاحال شائع نہیں کیا گیا۔

آم کے علاوہ ترش پھلوں میں بھی وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ وٹامن کولیجن بنانے میں مدد دیتا ہے اور اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر جلد کو سورج کی روشنی سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر بڑھنے کے ساتھ صحت کے بارے میں 7 عام غلط فہمیاں اور ان کی سائنسی حقیقت

تحقیقات سے اشارہ ملا ہے کہ وٹامن سی جلد کی نمی بہتر بنانے اور رنگت کے غیرہموار پن کو کم کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے جلد کی نگہداشت کی مصنوعات اور غذائی سپلیمنٹس میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

صحت بخش چکنائی اور گری دار میوے

ماہرین کے مطابق بادام، اخروٹ اور دیگر گری دار میوے اور بیج بھی جلد کی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

ایک محدود بے ترتیب کنٹرول شدہ تحقیق میں دیکھا گیا کہ جن افراد نے 16 ہفتوں تک ناشتے کے طور پر بادام کھائے ان کی جلد پر دوسرے اسنیکس استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں جھریاں کم نمایاں تھیں۔

گری دار میووں اور بیجوں میں وٹامن ای بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو جلد کے خلیات کو نقصان اور قبل از وقت عمر رسیدگی سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی جلد کی صحت متاثر کر سکتی ہے اور زخم بھرنے کا عمل بھی سست ہو سکتا ہے۔

بادام، ہیزل نٹس، چلغوزے اور مختلف بیجوں کے تیل وٹامن ای کے اچھے ذرائع ہیں۔

مزید پڑھیے: پھیپھڑوں کے سرطان سے متعلق 13 عام غلط فہمیاں، حقیقت کیا ہے؟

گری دار میووں میں اومیگا 6 فیٹی ایسڈز بھی موجود ہوتے ہیں جو جلد کی قدرتی حفاظتی تہہ کو مضبوط بنانے اور اس کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بھی جلد کے لیے مفید ہیں، جو چکنائی والی مچھلیوں اور الجی میں پائے جاتے ہیں۔

سالمن، سارڈین اور میکریل ایسی مچھلیاں ہیں جن میں اومیگا 3 کی مقدار اچھی ہوتی ہے۔ محدود پیمانے پر کی گئی تحقیقات سے اشارہ ملا ہے کہ ان کا استعمال جلد کی سورج کی روشنی کے لیے حساسیت کم کرنے اور دھوپ سے ہونے والے نقصان کے خلاف تحفظ فراہم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

چکنائی والی مچھلیاں کولیجن کو برقرار رکھنے اور جسم میں سوزش کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

آنتوں کی صحت بہتر بنانے والی غذائیں

ماہرین کے مطابق ہماری آنتوں کی صحت اور جلد کی حالت کے درمیان گہرا تعلق موجود ہے جسے طبی تحقیق میں ‘گٹ اسکن ایکسس’ کہا جاتا ہے۔

جب ہم تازہ پھلوں اور سبزیوں، گری دار میووں اور بیجوں سمیت مختلف اقسام کی پودوں پر مبنی غذائیں استعمال کرتے ہیں تو ہماری آنتوں میں موجود مفید جراثیم بھی بہتر طور پر کام کرتے ہیں جس کے مثبت اثرات جلد پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: دانتوں کی صحت کا راز صرف برش نہیں، آپ کی خوراک بھی اہم ہے

ان غذاؤں سے آنتوں کے مفید جراثیم ایسے مرکبات پیدا کرتے ہیں جن میں سوزش کم کرنے اور خلیات کو نقصان سے بچانے والی خصوصیات ہوتی ہیں۔

رابرٹ ہیکمین کے مطابق آنتوں میں موجود جراثیم کا متوازن نظام مدافعتی نظام کو بہتر طور پر کام کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے جلد کی بعض بیماریوں کی شدت کم کرنے میں بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔

اسی لیے ماہرین متوازن اور متنوع خوراک کو جلد کی صحت کے لیے اہم قرار دیتے ہیں، کیونکہ صحت مند آنتیں اور جلد ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: خوراک خریدنے سے پہلے معلومات چیک کرنے والی ایپس واقعی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں؟

مجموعی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد کو صحت مند اور شاداب رکھنے کے لیے صرف مہنگی کریموں اور جلد کی نگہداشت کی مصنوعات پر انحصار کافی نہیں۔ رنگ برنگے پھلوں اور سبزیوں، گری دار میووں، صحت بخش چکنائی اور آنتوں کے لیے مفید غذاؤں کو روزمرہ خوراک میں شامل کرنا بھی اہم ہے۔ تاہم ان غذاؤں کے فوائد کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے اور انہیں فوری طور پر جھریاں ختم کرنے کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان میں نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام پر قومی بحث کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام پر قومی مباحثہ

’میری بیٹی نے محض 15 سال کی عمر میں قرآن مجید کا اول سے آخر تک مطالعہ کیا تھا‘سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا انکشاف

سہ ملکی ون ڈے سیریز: سری لنکا کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

اے ڈی ایچ ڈی کے مریضوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ 71 فیصد زیادہ، طبی تحقیق میں انکشاف

پاک چین دوستی پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے، مبارک زیب

ویڈیو

سعودی اور پاکستانی ڈیولپرز متحد، ریئل اسٹیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کی راہ ہموار

’روشنی ایک رات کی‘: تورڈھیر میں سوا کروڑ روپے کی لائٹس 5 برسوں سے بند، حکومتی کارکردگی کھل کر سامنے آگئی

تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار نہیں تو زبردستی بات نہیں ہوسکتی، وفاقی وزیر مصدق ملک

کالم / تجزیہ

باغ جل رہا ہے

سعودی عرب اور بنگلہ دیش: خبر، حقیقت اور فتنہ

حوثیوں کا اصل ہدف کیا ہے؟