وادی نیلم میں مدرسے کی وین گہری کھائی میں جا گری، 4 بچے جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وادی نیلم کے بالائی علاقے میں ہفتے کے روز مدرسے کے بچوں کو لے جانے والی وین گہری کھائی میں گرنے سے 4 بچے جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ ڈسپیچ اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نیلم اختر ایوب کے مطابق یہ المناک حادثہ ضلع آٹھ مقام کے ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 22 کلومیٹر دور ناگدر کے علاقے میں پیش آیا۔

وین کیران بائی پاس لنک روڈ کے ذریعے روانہ ہوئی تھی اور محض آدھا کلومیٹر سفر کے بعد صبح 8:30 بجے کے قریب ناگدر کے مقام ’گھوڑے ناکا موڑ‘ پر موڑ کاٹتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:مٹیاری کے قریب مال گاڑی حادثہ، اپ اور ڈاؤن ٹریک بند، ٹرین آپریشن 24 گھنٹے متاثر رہنے کا خدشہ

انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کے کنٹرول کھو دینے کے باعث وین روڈ سے 500 میٹر سے زائد نیچے پتھریلی کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 3 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال آٹھمقام منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

بعد ازاں دیگر 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید طبی امداد کے لیے مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا اظہارِ تعزیت

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے اس المناک حادثے میں معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ’وادی نیلم میں آج پیش آنے والے دردناک حادثے میں قیمتی معصوم جانوں کے ضیاع پر شدید دُکھ ہوا ہے، میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں‘۔

مزید پڑھیں:راولپنڈی میں خوفناک حادثہ، کار موٹر سائیکل گھسیٹتی رہی، سوار جان بچانے کے لیے گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا

انہوں نے گاڑی چلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’پہاڑی راستے انتہائی احتیاط کے متقاضی ہوتے ہیں، یہاں محض ایک لمحے کی غفلت بھی دردناک نتائج کا سبب بن سکتی ہے، لہذا ڈرائیونگ میں سخت احتیاط برتی جائے‘۔

وادی نیلم میں ماضی کے حادثات

وادی نیلم کے دشوار گزار پہاڑی راستوں پر حادثات کا وقوع پذیر ہونا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ اس سے قبل اپریل میں بھی میدان نمبٹائی کے علاقے میں ایک مسافر وین گہری کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔

اسی طرح 11 مئی کو بھی ایک مسافر جیپ کے 100 فٹ سے زیادہ نیچے پتھریلے نالے میں گرنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp