بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں ہمالیہ کے پہاڑی راستے پر لاپتا ہونے والے سیاحوں کی تلاش کے دوران ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد کرلی گئیں، جبکہ 6 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ شدید برفباری اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے 2 بھارتی کوہ پیما جیت کر جان کی بازی ہار گئے
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں لاشیں منگل کو تقریباً 4 ہزار میٹر بلندی پر واقع علاقے کیدار کھڑک کے قریب سے ملیں۔ ضلع اترکاشی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر شاردول گوسین نے لاشیں ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ کی مشترکہ ٹیم نے کیدار تال کے پہاڑی راستے پر تلاش کے دوران لاشیں تلاش کیں، امدادی کارروائیاں منگل کو دوپہر تقریباً 3 بجے خراب موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باعث معطل کردی گئیں، جس کے بعد امدادی ٹیمیں اپنے بیس کیمپ واپس آگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز سے لاپتا نیپالی کوہ پیما معجزانہ طور پر زندہ مل گیا
حکام کے مطابق بدھ کو اضافی اہلکاروں، رسد اور زندگی بچانے والے آلات کے ساتھ تلاش کا کام دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ لاشوں کو منتقل کرنے اور امدادی کارروائیوں میں سہولت کے لیے جائے وقوع کے قریب متبادل ہیلی پیڈ بھی تیار کیا گیا۔
لاپتا افراد کا گروپ 27 اکتوبر کو سفر پر روانہ ہوا تھا اور اسے 29 اکتوبر کو واپس آنا تھا، تاہم واپسی نہ ہونے پر تلاش شروع کی گئی۔ امدادی کارکنوں کو شدید برف باری، حدِ نگاہ میں کمی اور انتہائی بلندی پر دشوار گزار راستوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔










