ایپل کے آئی فون کی بورڈ میں ہزاروں الفاظ اور جملوں پر مشتمل ایک خفیہ فہرست موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ‘ڈکٹیٹر ٹرمپ’ اور ‘سلیپی جو’ جیسی سیاسی اصطلاحات بھی شامل ہیں۔ اس فہرست میں موجود الفاظ آئی فون کا خودکار ٹیکسٹ نظام صارفین کو تجویز نہیں کرتا اور نہ ہی انگلی پھیر کر لکھنے کی سہولت کے ذریعے انہیں درست طور پر لکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے آئی او ایس 26.6 جاری کر دیا، سیکیورٹی اور کارکردگی مزید بہتر بنادی گئی
آزاد محقق ڈیرک کافمین نے انکشاف کیا ہے کہ ایپل کے آئی او ایس کی بورڈ میں مختلف زبانوں کے ہزاروں الفاظ اور جملوں پر مشتمل ایک غیر اعلانیہ فہرست موجود ہے۔ ان کے مطابق اس فہرست میں تقریباً ایک لاکھ الفاظ اور جملوں کی مختلف شکلیں شامل ہیں، تاہم چینی زبان کے حروف اس تعداد میں شامل نہیں۔

یہ فہرست کوئی مکمل پابندی نہیں ہے بلکہ اس میں شامل الفاظ صارفین خود ٹائپ کرسکتے ہیں، تاہم کی بورڈ خودکار طور پر انہیں تجویز نہیں کرتا۔ اس طرح ایپل کا نظام صارفین کے لکھنے کے انداز پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
سیاسی اصطلاحات بھی فہرست میں شامل
محقق ڈیرک کافمین کے مطابق فہرست میں زیادہ تر نازیبا اور توہین آمیز الفاظ کے علاوہ منشیات، جنسی مواد اور تشدد سے متعلق اصطلاحات شامل ہیں، تاہم بعض سیاسی جملے بھی اس کا حصہ ہیں۔
ان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے استعمال ہونے والا جملہ ‘ڈکٹیٹر ٹرمپ’ اور سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے لیے استعمال ہونے والا ‘سلیپی جو’ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ‘دائیں بازو کی سازشی تھیوری’، ‘تبت کی آزادی’ اور ‘متحدہ آئرلینڈ’ جیسی اصطلاحات بھی خودکار ٹیکسٹ کی فہرست میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے بچوں کے اکاؤنٹس کے حفاظتی فیچرز سمجھانے کے لیے ویڈیو جاری کردی
مختلف زبانوں میں اس فہرست کے الفاظ بھی مختلف ہیں۔ محقق کے مطابق ہندی زبان میں ‘مودی شیخی باز’ اور ‘راہول پپو ہے’ جیسے جملے بھی شامل ہیں، جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے سیاسی مخالف راہول گاندھی پر طنز کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

فرانسیسی زبان میں ‘امیگریشن بہت زیادہ ہے’ جبکہ عبرانی زبان میں ‘مقبوضہ علاقے’ کا جملہ بھی اس فہرست کا حصہ ہے۔
ایپل کا مؤقف
ایپل نے محقق کے انکشافات، فہرست کے حجم اور اس میں سیاسی اصطلاحات شامل کرنے کی وجوہات پر براہ راست تبصرہ نہیں کیا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی فون کا کی بورڈ اس طرح بنایا گیا ہے کہ وہ نامناسب یا توہین آمیز الفاظ خودکار طور پر تجویز نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے آئی او ایس 26.5 جاری کر دیا، اہم سیکیورٹی فیچرز اور بڑی تبدیلیاں متعارف
کمپنی نے واضح کیا کہ صارفین اپنی مرضی کے الفاظ اور جملے ٹائپ کرسکتے ہیں اور خودکار ٹیکسٹ کی تجاویز کو نظرانداز بھی کرسکتے ہیں۔
خفیہ فہرست کیسے سامنے آئی؟
ڈیرک کافمین کے مطابق انہیں ستمبر میں اس فہرست کا سراغ اس وقت ملا جب انہوں نے محسوس کیا کہ آئی فون پر انگلی پھیر کر بعض جملے لکھنے کی کوشش کے دوران کی بورڈ غیر معمولی رویہ اختیار کرتا ہے۔











