ٹیکسلا میں خیرات کی آس دلاکر 10 سالہ بچی سے زیادتی

جمعرات 9 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی ریادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تھانہ واہ صدر کی حدود میں واقع ایک کچی آبادی کی رہائشی 10 سالہ بچی کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال طبی امداد کے لیے لایا گیا جس کے بیان کی روشنی میں انکشاف ہوا کہ اس سے کسی شخص نے زیادتی کی ہے۔

بچی کا کہنا تھا کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے اسے خیرات دینے کی غرض سے اپنے ساتھ آنے کو کہا جس پر وہ اس کی موٹر سائیکل پر بیٹھ گئی۔ بچی نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ نامعلوم شخص اسے ایک زیر تعمیر مکان میں لے گیا اور اس سے جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا۔

پولیس حکام نے متاثرہ لڑکی کا بیان ریکارڈ کر کے رہائشی علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن زنیرہ اظفر نے ایس پی پوٹھوہار ڈویژن وقاص خان کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کیا۔

ملک بھر میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں خطرناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں سال 2022 کے دوران اغوا اور ریپ کے 954 واقعات رونما ہوئے جبکہ 2021 میں ان کیسز کی تعداد 667 تھی۔

ایک تشویش ناک امر کی جانب توجہ دلاتے ہوئے افسر نے بتایا کہ دارالحکومت میں مجرمانہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں لیکن متعلقہ افسران کا زور مقدمات کا اندراج نہ کرانے پررہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں 13 ہزار 93 مجرمانہ سرگرمیاں ہوئیں لیکن پولیس نے صرف 11 ہزار 332 مقدمات درج کیے جس کے باعث غیر رپورٹ شدہ کیسز کے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp