چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس بات میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ پارٹی کے کچھ افراد وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، نہ کسی ایم این اے نے دوسرے ایم این کے خلاف کوئی بات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر گوہر سے اختیارات واپس، حکومت سے مذاکرات کے لیے ڈیڈ لائن دے دی گئی
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جتنے بھی ایم این ایز ہیں ان کو اور ان کی فیملیز کو تحفظ حاصل ہو، اس حوالے سے ہم نے اپنی بات فلور آف دی ہاؤس حکومت کے نمائندوں کے سامنے رکھی ہے۔
آپ نے بات کی ہے کہ کچھ لوگ وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں؟ صحافی کے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی نے یہ بات نہیں کی، کسی نے یہ لفظ نہیں کہا کہ کچھ لوگ وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، نہ کسی ایم این نے کسی دوسرے ایم این کے خلاف بات کی ہے۔
ہمارا جو بھی موقف ہے ہم نے پارلیمنٹ کے فلور پر سب کےسامنے رکھ دیا ہے،ہماری طرف سے مذاکرات کیلئے عمر ایوب کی سربراہی میں کمیٹی بن چکی ہے
شیر افضل مروت سے کسی نے وضاحت نہیں مانگی،،شیر افضل مروت نے پارٹی پالیسی کیخلاف کوئی بات نہیں کی،بیرسٹرگوہرخان pic.twitter.com/JfNnPOpK0w— WE News (@WENewsPk) December 18, 2024
حکومتی نمائندگان سے مذاکرات کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا۔ ’ہم نے مذاکراتی کمیٹی بنالی ہے، جس کی سربراہی عمرایوب کررہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر سے کسی نے وضاحت نہیں مانگی، نہ شیرافضل مروت نے پارٹی پالیسی کے خلاف کوئی بیان دیا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے حوالے سے میڈیا پر خبریں زیرگردش تھیں کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے شیر افضل مروت کے کل خطاب سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور ان کے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سے باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے، صرف دعا سلام ہوئی، شیرافضل مروت
اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے کہا کہ شیرافضل مروت کا یہ بیان نہ پارٹی پالیسی کے مطابق ہے اور نہ پارٹی کا بیانیہ ہے، شیر افضل مروت سے پارٹی نے اس بیان کی وضاحت طلب کی ہے۔
یہ بھی دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ کچھ اراکین وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں، جو اراکین پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دیتے ہیں ان کی نشاندہی کرنی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں کل حکومتی وزرا کے خطاب کے دوران شیر افضل مروت نے بات کرنے سے روکا۔