وزیراعظم کی صدر یو اے ای سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا عزم

منگل 30 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ’اہلاً و سہلاً، مرحبا‘ یو اے ای کے صدر کے دورۂ پاکستان پر خصوصی استقبالی نغمہ جاری

دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران زیر بحث امور کو آگے بڑھایا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو ایک اسٹریٹجک، باہمی مفاد اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تجارتی تعلقات میں نمایاں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت مطلوبہ سطح تک پہنچ سکے۔

ملاقات میں آئی ٹی، توانائی، کان کنی، معدنیات اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بھی بات کی گئی۔

وزیراعظم نے یو اے ای کی شاندار ترقی میں صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی سرپرستی اور عزم کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: یو اے ای کے صدر کا پہلا سرکاری دورۂ پاکستان، تجارت اور علاقائی استحکام پر بات چیت متوقع

انہوں نے یو اے ای کی جانب سے 2.1 ملین پاکستانیوں کی میزبانی کو بھی سراہا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے علاوہ دیگر متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp