معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ و مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے، عطا تارڑ

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر سچائی کی طاقت سے بھارتی پروپیگنڈے کو شکست دی، معرکہ حق کے آج ایک سال مکمل ہونے پر دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارتی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کے طوفان کا مقابلہ انتہائی ذمہ داری اور سچائی پر مبنی بیانیے سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر جس طرح کی ڈرامہ نگاری اور سنسنی خیزی دیکھی گئی، اس کے برعکس ہم نے دنیا کے سامنے حقائق پیش کیے، کیونکہ سچ ہضم کرنا دشمن کے بس کی بات نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا دہشتگردی بیانیہ دفن ہوچکا، معرکہ حق میں بھارت کے 8 جہاز گرائے، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف پروجیکٹس

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے سچائی کے خوف سے پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندیاں عائد کیں، لیکن جب مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا ہمیں بھی جوابی طور پر ان کے چینلز بند کر دینے چاہئیں، تو میرا جواب نفی میں تھا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتی چینلز پر جس طرح کی کامیڈی اور تھیٹر چل رہا تھا، وہ جنگ کے تناؤ میں ایک طرح سے ریلیف کا باعث تھا، اس لیے ہم نے پابندی کے بجائے اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی کو تبدیل کیا۔

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ہماری ٹیم نے بھارتی لوکیشنز کو جیو ٹیگ کر کے وہاں کے صارفین تک پاکستانی ملی نغمے، مسلح افواج کے ترانے اور جے ایف 17 تھنڈر کی ویڈیوز پہنچائیں، جس کے نتیجے میں بھارتی عوام خود اپنی حکومت سے سوال کرنے پر مجبور ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق: انٹیلیجنس اور ڈرون صلاحیت نے جنگ میں اہم کردار ادا کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے الگ اور مخصوص حکمت عملی اپنائی جس کے دوررس نتائج برآمد ہوئے ہیں، پریس کانفرنس کے اختتام پر عطا تارڑ نے کہا کہ آج ایک سال مکمل ہونے پر دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

 انہوں نے وزیراعظم کے وژن اور عسکری قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دفاعی و سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سول ملٹری قیادت کی اسی ہم آہنگی کی بدولت پاکستان نہ صرف دفاعی بلکہ معاشی طور پر بھی وہ مقام حاصل کرے گا جس کا وہ حقدار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp