آزاد کشمیر حکومت نے معرکہ حق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں پاکستان کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر 10 مئی 2026 کو بھرپور انداز میں منانے کا اعلان کردیا۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پورے آزاد کشمیر میں افواج پاکستان، قومی اداروں اور سویلین افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: معرکہ حق کے بعد پاکستان کا عالمی مقام اور اعتماد مضبوط ہوا، وزیر دفاع خواجہ آصف
تقریبات کا آغاز فجر کی نماز کے بعد مساجد میں دعائے شکر اور شہداء کے ایصالِ ثواب و بلندی درجات کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔
مظفرآباد کے یادگار شہداء چھتر چوک میں صدر آزاد کشمیر اور جنرل آفیسر کمانڈنگ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی، جبکہ شہداء کو سلامی بھی پیش کی جائے گی۔
آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں خصوصی نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں پاک فوج اور مختلف حکومتی محکموں کی جانب سے اسٹالز لگائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: سالگرہ معرکہ حق: مظفرآباد میں جشن آزادی پاکستان ریلی کا انعقاد، وطن عزیز و پاک فوج زندہ باد کے نعروں کی گونج
آزاد کشمیر حکومت کے مطابق 10 اور 11 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے تحت بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک افواج نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کیا اور پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا، جبکہ پاکستانی عوام اس دوران اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔














