برطانوی شہزادہ شہزادہ ولیم نے ایک نایاب بیماری میں مبتلا 2 بھائیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جارڈن ایڈمز اور سیان ایڈمز نامی 2 بھائی آل آئرلینڈ میراتھن چیلنج میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ ’فرنٹو ٹیمپورل ڈیمینشیا‘ سے متعلق آگاہی پیدا کی جاسکے۔ دونوں بھائیوں میں کم عمری میں لاحق ہونے والی اس نایاب جینیاتی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، جو عموماً 40 برس کی عمر میں شدت اختیار کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: برطانوی شہزادہ ولیم کا سعودی عرب کا دورہ، فٹبالرز اور گیمرز سے ملاقات
رپورٹس کے مطابق دونوں بھائیوں کی والدہ بھی اسی بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور آگاہی کے لیے مہم شروع کی۔ وہ میراتھن کے ذریعے ’الزائمر سوسائٹی آف آئرلینڈ‘ اور اپنی فلاحی تنظیم ’ایف ٹی ڈی برادرز فاؤنڈیشن‘ کے لیے فنڈز جمع کررہے ہیں۔
شہزادہ ولیم نے اپنے خط میں لکھا کہ ’اتنے مشکل چیلنج کو قبول کرنا، اپنی والدہ کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرنا اور فرنٹو ٹیمپورل ڈیمینشیا سے متعلق شعور اجاگر کرنا آپ دونوں کی غیرمعمولی ہمت کی عکاسی کرتا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے: شہزادہ ولیم چچا اینڈریو کے خلاف سخت اقدام پر کیوں خوش ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی صرف لندن میراتھن یا آئرلینڈ کی سڑکوں پر موجود افراد ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے بھی امید اور حوصلے کی علامت بن چکے ہیں۔
شہزادہ ولیم نے مزید کہا کہ ذاتی مشکلات کو دوسروں کے لیے امید میں بدل دینا بڑی جرات اور سخاوت کی بات ہے۔ انہوں نے دونوں بھائیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔














