اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کمی

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔

صبح 10 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,223.53 پوائنٹس یعنی 0.72 فیصد کمی کے بعد 169,892 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟

مارکیٹ میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا رجحان غالب رہا۔

حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور یونائیٹڈ سمیت انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے بڑے شیئرز منفی زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی تھی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 5 فیصد یعنی 8,121 پوائنٹس سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سرمایہ کاروں کے اعتماد میں یہ بہتری امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن یادداشت سے متعلق مثبت سفارتی اشاروں کے باعث آئی تھی، جس نے کئی ہفتوں سے جاری جغرافیائی غیر یقینی صورتحال میں کمی پیدا کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟

گزشتہ ہفتے کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 162,994 پوائنٹس پر تھا، جو ہفتے کے اختتام پر بڑھ کر 171,115 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی، ایشیائی مارکیٹوں میں پیر کے روز امریکی ڈالر مضبوط ہوا کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار دکھائی دیے، جبکہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے دی گئی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے تہران کے مطالبات کو ’مکمل طور پر ناقابل قبول‘ قرار دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران نے جنگ کے خاتمے، پابندیوں کے خاتمے، ہرجانے کی ادائیگی اور آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، انڈیکس 2,800 سے زائد پوائنٹس گر گیا

عالمی مارکیٹوں میں ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.1 فیصد جبکہ نیسڈیک فیوچرز میں 0.05 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

جاپان کا نکیئی انڈیکس 0.36 فیصد گر گیا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 4 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp