حج انتظامات میں انقلاب، 2026 کا حج ماضی سے کیسے مختلف ہوگا؟

اتوار 24 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حج ہمیشہ سے روحانیت، اجتماعیت اور انسانی نظم کا ایک غیر معمولی منظر رہا ہے، مگر حج 2026 کو کئی حوالوں سے ایک تاریخی موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سال پہلی مرتبہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام حج کے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ مرکزی حصہ بن چکے ہیں۔

اگرچہ ماضی کے حج میں انتظامات زیادہ تر انسانی نگرانی، روایتی سیکیورٹی اور زمینی نظم پر قائم تھے، تو رواں سال حج ایک ایسے مربوط اسمارٹ نظام کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے جہاں لاکھوں عازمین کی نقل وحرکت سے لے کر صحت، مواصلات اور رہنمائی تک ہر شعبہ حقیقی وقت کے ڈیٹا سے جڑا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باوجود حج زائرین کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہوگئی

سعودی عرب گزشتہ چند برسوں سے حج کو ڈیجیٹل بنانے کی سمت میں مسلسل پیش رفت کررہا تھا، مگر 2026 کا حج اس تبدیلی کا سب سے نمایاں مرحلہ سمجھا جا رہا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی اور وزارت حج وعمرہ کے مطابق اس سال مصنوعی ذہانت کو عازمین کی نگرانی، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ، صحت کے نظام، سیکیورٹی اور مواصلاتی ڈھانچے کے ساتھ براہ راست مربوط کیا گیا ہے، تاکہ لاکھوں عازمین کو زیادہ محفوظ، منظم اور آسان حج تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

رواں سال کی سب سے نمایاں تبدیلی نسک کارڈ کو حج کے مرکزی شناختی نظام کے طور پر نافذ کرنا ہے۔ ماضی میں عازمین مختلف کاغذی دستاویزات اور اجازت ناموں کے ساتھ سفر کرتے تھے، مگر اب نسک کارڈ ایک جامع ڈیجیٹل شناخت بن چکا ہے۔ اس کارڈ میں عازم کی شناخت، رہائش، ٹرانسپورٹ، گروپ معلومات اور دیگر ضروری تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔

مسجد الحرام، منیٰ اور دیگر مقدس مقامات پر اسمارٹ اسکینرز کے ذریعے ان کارڈز کی فوری جانچ کی جاتی ہے، جس سے نہ صرف غیر مجاز داخلے کی روک تھام ممکن ہوئی ہے بلکہ ہجوم کو منظم رکھنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

حج 2026 میں عازمین کی نگرانی کا نظام بھی ماضی سے یکسر مختلف

حج 2026 میں عازمین کی نگرانی کا نظام بھی ماضی سے یکسر مختلف دکھائی دے رہا ہے۔ پہلے رش کی صورتحال کا اندازہ زیادہ تر زمینی مشاہدے سے لگایا جاتا تھا، مگر اب ہزاروں کیمروں، سینسرز اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے تجزیاتی نظاموں کے ذریعے ہر لمحہ صورتحال مانیٹر کی جا رہی ہے۔

مسجد الحرام میں طواف اور سعی کے مقامات پر رش کی شدت کو رنگوں کے ذریعے ظاہر کرنے والا اسمارٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جہاں سبز رنگ کم رش، زرد درمیانی جبکہ سرخ رنگ شدید ہجوم کی علامت ہے۔ اس سے عازمین کو بہتر وقت اور راستہ منتخب کرنے میں آسانی ہو رہی ہے۔

منیٰ اور عرفات میں بھی اس سال جدید نگرانی اور اسمارٹ رہنمائی کے نظام نمایاں طور پر وسعت اختیار کر چکے ہیں۔ بعض خیمہ بستیوں میں داخلی و خارجی نقل وحرکت کو الیکٹرانک نظام سے مربوط کیا گیا ہے، جبکہ اسمارٹ اسکرینز اور ڈیجیٹل بورڈز کے ذریعے عازمین کو مسلسل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق یہ نظام ہجوم کے دباؤ کو متوازن رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

رواں سال حج میں مواصلاتی نظام بھی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ سعودی ٹیلی کام کمپنی زین نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا اسمارٹ حج پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جو سینکڑوں فائیو جی ٹاورز اور وائی فائی پوائنٹس کے ذریعے لاکھوں صارفین کے نیٹ ورک دباؤ کو حقیقی وقت میں مانیٹر کرتا ہے۔

اس نظام کی اہم بات یہ ہے کہ بعض تکنیکی مسائل انسانی مداخلت کے بغیر خودکار طور پر حل کیے جا سکتے ہیں، جس سے مواصلاتی رکاوٹوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

ماضی کے حج میں معلومات اور رہنمائی کے لیے عازمین کو مختلف دفاتر، بروشرز یا گائیڈز پر انحصار کرنا پڑتا تھا، مگر اب نسک اور توکلنا جیسی ایپس حج تجربے کا لازمی حصہ بنتی جا رہی ہیں۔ ان ایپس کے ذریعے اجازت نامے، رہنمائی، ٹرانسپورٹ معلومات، طبی سہولتیں اور ہنگامی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔

خاص طور پر مختلف زبانوں میں فوری معلومات کی فراہمی نے غیر عرب عازمین کے لیے حج کو کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔

حرمین شریفین میں روبوٹک اور خودکار نظام نمایاں توجہ حاصل کرنے لگے

حرمین شریفین میں اس سال روبوٹک اور خودکار نظام بھی نمایاں توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ مسجد الحرام میں صفائی، جراثیم کش اسپرے اور فضائی معیار کی نگرانی کے لیے جدید کلینر روبوٹس استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ روبوٹس مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھنے اور ہجوم کے درمیان محفوظ انداز میں حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

لاکھوں عازمین کی مسلسل موجودگی کے باوجود صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں ان نظاموں کا اہم کردار سامنے آ رہا ہے۔

صحت کے شعبے میں بھی حج 2026 ماضی سے مختلف دکھائی دیتا ہے۔ گزشتہ برس شدید گرمی اور غیر رجسٹرڈ عازمین سے پیدا ہونے والے مسائل کے بعد سعودی عرب نے اس سال طبی نگرانی، اجازت ناموں اور نقل وحرکت کے نظام کو زیادہ سخت اور مربوط بنا دیا ہے۔

مصنوعی ذہانت پر مبنی بعض نظام گرمی، ہجوم اور طبی دباؤ کا تجزیہ کرکے فوری الرٹس جاری کرتے ہیں تاکہ طبی ٹیمیں بروقت کارروائی کر سکیں۔

مزید پڑھیں: حج سیکیورٹی پلان: سعودی عرب کا عازمینِ حج کے لیے شاہراہوں کو محفوظ اور پرسکون بنانے کا فیصلہ

ماہرین کے مطابق حج 2026 کو ماضی سے مختلف بنانے والی اصل چیز صرف نئی ٹیکنالوجی نہیں بلکہ مختلف نظاموں کا ایک دوسرے سے جڑ جانا ہے۔ اب سیکیورٹی، صحت، مواصلات، ٹرانسپورٹ اور رہنمائی الگ الگ شعبے نہیں رہے بلکہ ایک مربوط اسمارٹ نیٹ ورک کی صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں، جہاں فیصلے حقیقی وقت کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کا مقصد حج کی روحانی فضا کو اور عبادت کو زیادہ آسان، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حج 2026 کو بہت سے مبصرین دنیا کا سب سے جدید اور اسمارٹ مذہبی اجتماع قرار دے رہے ہیں، جہاں روایت اور جدید ٹیکنالوجی غیر معمولی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp