امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان ایک حقیقی دوستی فروغ پا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا چین کے ساتھ مستحکم توازن کا خواہاں: جاپان، آسٹریلیا اور فلپائن کو پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ
انہوں نے یہ بات شنگریلا ڈائیلاگ سیکیورٹی فورم کے موقعے پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہی۔ سنگاپور میں منعقدہ اس اہم سیکیورٹی فورم میں تقریباً 45 ممالک کے دفاعی حکام اور سیکیورٹی ماہرین شریک ہوئے۔
پیٹ ہیگستھ نے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستانی قیادت نے امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں بھارت کا ذکر کیا لیکن میں آسانی سے پاکستان اور ان کرداروں کا بھی ذکر کر سکتا تھا جو فیلڈ مارشل اور وزیراعظم امن مذاکرات میں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ایک غیر متوقع پیش رفت اور حقیقی دوستی وہاں فروغ پا رہی ہے، جو نہایت اہم ہے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں پاک امریکا تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہوئے۔ مارچ 2025 میں پاکستان نے داعش خراسان کے ایک اہم رکن محمد شریف اللہ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا جس پر صدر ٹرمپ نے پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیے: امریکا ایران ممکنہ معاہدہ: نیتن یاہو کی برسوں پر محیط ایران پالیسی کو بڑا دھچکا لگنے کا خدشہ
بعد ازاں پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر جنگ بندی میں امریکی ثالثی اور پھر پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔
صدر ٹرمپ نے متعدد مواقع پر پاکستانی قیادت اور خصوصاً فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی۔
امریکا اور ایران کے درمیان رواں برس پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران پاکستان نے ایک اہم ثالثی کردار ادا کیا۔ اسلام آباد کی میزبانی میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد مذاکراتی نشستیں ہوئیں جن میں جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایران امریکا معاہدے کی امید، ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں زبردست تیزی، تیل کی قیمتوں میں کمی
ماہرین کے مطابق پیٹ ہیگستھ کے حالیہ بیانات پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط تعلقات کی بنیاد بن سکتے ہیں۔












