گلگت بلتستان: پہاڑی چوٹی سر کرتے ہوئے فرانسیسی کوہ پیما برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہوشے میں واقع 7ہزار 282 میٹر بلند کے 6 چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کے دوران برفانی تودہ گرنے سے فرانس کا ایک کوہ پیما ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی محفوظ رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ فرانسیسی کوہ پیما گیلوم پیریل، بورس جولے اور سوئٹزرلینڈ کی کرسٹینا ماریا پر مشتمل غیر ملکی ٹیم 6 جون کو مہم پر روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر برفانی تودہ گرنے سے گیلوم پیریل موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ دیگر 2 کوہ پیما محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرملکی خاتون کوہ پیما نانگا پربت سر کرنے کی مہم میں ہلاک، لاش کی تلاش جاری

اسحاق علی کے مطابق سیٹلائٹ رابطے کے ذریعے ساتھی کوہ پیماؤں نے فرانس میں متوفی کے اہلخانہ کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد اہلخانہ نے ان سے رابطہ کیا۔ لاش کی تلاش اور منتقلی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں پر مشتمل ریسکیو ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔

گلگت بلتستان دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کے حوالے سے مشہور خطہ ہے، جہاں دنیا کی 14 بلند ترین 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں میں سے 5 موجود ہیں، جن میں کے 2، نانگا پربت، گاشربرم1، براڈ پیک اور گاشربرم2 شامل ہیں۔

محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے مطابق خطے میں کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کا سیزن عموماً جون سے اگست کے وسط تک جاری رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز سے لاپتا نیپالی کوہ پیما معجزانہ طور پر زندہ مل گیا

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ جغرافیائی کشیدگی اور دیگر خدشات کے باوجود رواں سال غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کے اجازت ناموں کی درخواستیں گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ موصول ہوئی ہیں۔

2024 کے موسم گرما میں تقریباً 2 ہزار 200 غیر ملکی ایڈونچر سیاح، 24 ہزار غیر ملکی سیاح اور تقریباً 10 لاکھ مقامی سیاح گلگت بلتستان آئے تھے، تاہم گزشتہ سال موسمیاتی آفات اور پاکستان بھارت کشیدگی کے باعث سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp