آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے انتخابی دورے کے شیڈول میں جزوی تبدیلی کی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) الیکشن رابطہ سیل کے انچارج حنیف ملک نے وی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ میاں نواز شریف اب 21 جولائی کو مظفرآباد اور 24 جولائی کو میرپور میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
اس سے قبل میرپور میں جلسے کی تاریخ 19 جولائی مقرر کی گئی تھی جسے اب تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں بڑے جلسوں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی قائدِ لیگ کے ہمراہ شریک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ کی مہم جاری، نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان
اس اہم دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اور آزاد کشمیر کے قائدین کا ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کی۔
اجلاس میں کیپٹن صفدر، جنرل سیکرٹری ن لیگ خیبر پختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی، مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، عبدالرحمان آرائیں، بیرسٹر افتخار گیلانی، مختلف حلقوں کے امیدواروں، بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
’عوامی خدمت اور کارکردگی ہی ہماری طاقت ہے‘
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ ہے اور ن لیگ نے اپنے ادوار میں یہاں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے بھی کشمیری بچوں کے لیے بغیر کسی مطالبے کے جدید ‘دانش اسکولز’ کا تحفہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن انتخابی مہم کا آغاز کرکے دیگر سیاسی جماعتوں پر بازی لے گئی
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کا بروقت انعقاد ناگزیر ہے اور صاف و شفاف انتخابات ہی خطے کے مسائل کا واحد حل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کشمیری عوام سے گہری محبت رکھتی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔
انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایات
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی مقامی لیگی قیادت نے انتخابی مہم، تنظیمی نیٹ ورک کو متحرک کرنے اور آئندہ کی حکمتِ عملی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ مرکزی قیادت نے مقامی عہدیداروں اور امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر رابطہ مہم تیز کریں اور پارٹی کا منشور ہر ووٹر تک پہنچائیں۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر انتخابات 2026: مسلم لیگ (ن) نے 37 حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کر دیا
لیگی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقتدار میں رہ کر عوام کی خدمت کی ہے اور اسی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر پارٹی 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور عوامی طاقت کے ساتھ کامیابی حاصل کر کے آزاد کشمیر میں ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔














