افغانستان فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ بدخشاں کے ضلع زیبک جانے والی سڑک پر طالبان کے حمایت یافتہ غیر ملکی جنگجوؤں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، جس میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ طالبان نے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
افغانستان فریڈم فرنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی 31 جولائی کی شام صوبہ بدخشاں کے ضلع زیبک جانے والی شاہراہ پر کی گئی، جہاں طالبان کی مدد کے لیے جانے والے غیر ملکی جنگجوؤں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان: بدخشاں میں مظاہرین پر طالبان کی فائرنگ، متعدد افراد ہلاک و زخمی
بیان کے مطابق حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد مقامی زبان سے ناواقف تھے اور انہیں زیبک میں فریڈم فرنٹ کے خلاف جاری لڑائی میں حصہ لینے کے لیے بھیجا جا رہا تھا۔
فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے ساتھ غیر ملکی جنگجوؤں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ افغانستان ایک بار پھر بین الاقوامی دہشتگرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے۔ تاہم تنظیم نے ہلاک یا زخمی ہونے والے جنگجوؤں کی قومیت ظاہر نہیں کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق بدخشاں کے ضلع زیبک میں حالیہ دنوں طالبان اور حکومت مخالف مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شب سنگلچ گاؤں کے قریب حکومت مخالف جنگجوؤں نے فرنٹ لائن کی جانب جانے والے طالبان کے ایک قافلے پر بھی گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔












