اسپاٹیفائی کا شاندار اقدام: اب اے آئی سے تیار کردہ موسیقی چھپ نہیں سکے گی

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسیقی کی معروف اسٹریمنگ سروس اسپاٹیفائی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ستمبر کے وسط سے ایسا نیا ’اے آئی پرسونا‘ بیج (شناختی نشان) متعارف کرائے گی جس کے ذریعے صارفین کو واضح طور پر معلوم ہوسکے گا کہ کسی پروفائل سے تیار کیا جانے والا مواد مصنوعی ذہانت پر مبنی ہے اور اس کے پیچھے حقیقی انسان موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسپاٹیفائی کا نیا فیچر: اشتہارات کے وقفوں سے ایک کلک میں چھٹکارا پائیں

اسپاٹیفائی کے مطابق صارفین نے اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا کہ انہیں ایسے فنکاروں کے پروفائل نظر آتے ہیں جو بظاہر حقیقی انسانوں کے لگتے ہیں لیکن بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ وہ دراصل مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کردار یا شخصیات ہیں۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ نئے اقدام کا مقصد اس بات میں زیادہ شفافیت لانا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم پر موجود موسیقی کس طریقے سے تیار کی گئی ہے۔ موسیقی کی صنعت میں مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے والے مواد کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کے درمیان اسپاٹیفائی کی جانب سے یہ اس نوعیت کی تازہ ترین کوشش ہے۔

کمپنی کے مطابق ایسے پروفائلز جن کے تخلیق کار خود یہ ظاہر کریں گے کہ وہ مصنوعی ذہانت پر مبنی شخصیات ہیں ان کے ساتھ بھی یہ بیج لگایا جائے گا جبکہ اسپاٹیفائی اپنی جانب سے ایسے متعلقہ پروفائلز کی بھی نشاندہی کرے گی۔

مزید پڑھیے: اسپاٹیفائی کے صارفین کی تعداد 77 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی

اسپاٹیفائی نے واضح کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی شخصیات کو اس کی ادارتی یا صارفین کی ذاتی پسند کے مطابق تیار کردہ سفارشات میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اگر کوئی صارف خود کسی اے آئی پرسنہ کو فالو کرتا ہے تو اس صورت میں اس کی موسیقی سفارشات میں شامل ہوسکتی ہے۔

یہ اعلان اسپاٹیفائی کی جانب سے موسیقی کے پلیٹ فارم پر مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق شفافیت بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ کمپنی نے رواں برس اپریل میں ’ویری فائیڈ بائی اسپاٹیفائی‘ بیج بھی متعارف کرایا تھا جس کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ کسی فنکار کے پروفائل کا جائزہ لیا جاچکا ہے اور وہ کمپنی کے مقرر کردہ صداقت کے معیار پر پورا اترتا ہے۔

مزید پڑھیں: اسپاٹیفائی کی 20ویں سالگرہ: صارفین کے لیے یادگار ٹائم کیپسول متعارف

اسپاٹیفائی کے مطابق اس کے پلیٹ فارم پر 77 کروڑ 70 لاکھ فعال صارفین موجود ہیں جس کے باعث مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ موسیقی کی شناخت اور اس حوالے سے صارفین کو واضح معلومات فراہم کرنا موسیقی کی صنعت کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp