ایئر انڈیا کی فوکٹ سے نئی دہلی جانے والی پرواز کے کپتان کے منشیات ٹیسٹ میں چرس کے استعمال کی موجودگی سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ طیارہ گزشتہ ہفتے دورانِ پرواز اچانک تقریباً 300 فٹ نیچے آگیا تھا، جس کے نتیجے میں 13 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا کی پرواز فضائی ہچکولوں کا شکار، 14 افراد زخمی
واقعے کے بعد بھارتی وزارت شہری ہوا بازی نے ایئر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو کیمبل ولسن کو طلب کرلیا۔ یہ واقعہ ایئربس اے 320 نیو طیارے میں پیش آیا تھا۔
بھارتی حکام نے واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔ حکومت کے مطابق تھائی شہر فوکٹ سے نئی دہلی جانے والی پرواز مشرقی ریاست اوڈیشہ کے اوپر سے گزر رہی تھی جب طیارے میں اچانک ’مختصر مدت کے لیے بلندی میں تبدیلی‘ واقع ہوئی۔
طیارے میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے اور وہ بحفاظت نئی دہلی میں اتر گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا طیارہ حادثے کو ایک سال مکمل، متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر
بھارتی وزارت شہری ہوا بازی نے اتوار کو بتایا تھا کہ کپتان کے ابتدائی طبی معائنے میں نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادوں کی موجودگی کا نتیجہ سامنے آیا، جس کے بعد تصدیقی تجربہ گاہی ٹیسٹ کرایا گیا۔
ایئر انڈیا کا کہنا تھا کہ اسے ٹیسٹ کے نتائج سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ ایئر انڈیا کی اکثریتی ملکیت ٹاٹا گروپ کے پاس ہے جبکہ سنگاپور ایئر لائنز کے پاس تقریباً 25 فیصد حصص ہیں۔














