برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں کھانے اور دیگر اشیا کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے خودکار روبوٹس کا آزمائشی منصوبہ صرف 5 ماہ بعد ختم کر دیا گیا جس کے بعد یہ 6 پہیوں والے روبوٹس سڑکوں سے ہٹا لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملازمتوں کے لیے خطرہ ڈیلیوری روبوٹس اب شہریوں کا راستہ بھی روکنے لگے
خودکار روبوٹس بنانے والی کمپنی اسٹارشپ ٹیکنالوجیز نے مارچ میں اوبر ایٹس کے اشتراک سے شیفیلڈ کے بعض علاقوں میں یہ سروس شروع کی تھی۔ روبوٹس کا مقصد سپر مارکیٹ اور کھانے پینے کی اشیا کے آرڈرز صارفین تک پہنچانا تھا۔
مختصر آزمائشی مدت کے دوران ان روبوٹس کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض روبوٹس پر لگے نمایاں کرنے والے جھنڈے توڑ دیے گئے، کچھ پر پینٹ سے نقش و نگار بنا دیے گئے جبکہ ایک چارجنگ اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ بعض مقامات پر روبوٹس کے پیچھے ٹریفک کونز رکھ دیے گئے تاکہ وہ آگے نہ بڑھ سکیں۔
روبوٹس کے حوالے سے بعض شہریوں نے شکایت بھی کی کہ وہ پیدل چلنے والوں کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب کچھ لوگوں نے ان کی سہولت اور تنگ راستوں میں آسانی سے نقل و حرکت کرنے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
اسٹارشپ ٹیکنالوجیز کے شعبہ تعلقات عامہ اور مواصلات کے سربراہ ریان کیس نے کہا کہ شیفیلڈ میں آزمائشی منصوبہ ختم ہو گیا ہے اور کمپنی حاصل ہونے والے تجربات کا جائزہ لینے تک سروس کو روک رہی ہے۔
مزید پڑھیے: گھریلو کام، اسپتال اور کارخانوں کے لیے اب روبوٹس کرائے پر بھی دستیاب، جانیے اضافی فوائد
ان کے مطابق روبوٹس کو نقصان پہنچانے کے چند واقعات پیش آئے جو افسوس ناک ہیں خصوصاً اس لیے کہ اس سے ان مقامی کاروباروں کو بھی نقصان پہنچتا ہے جو ترسیل کے لیے ان روبوٹس پر انحصار کرتے ہیں۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا کہ توڑ پھوڑ سروس بند کرنے کی وجہ نہیں تھی بلکہ اسے ایک تجارتی فیصلہ اور آزمائشی مرحلے کا قدرتی اختتام قرار دیا گیا ہے۔
خودکار ڈیلیوری روبوٹس برطانیہ کے بڑے شہروں جن میں لیڈز اور لندن بھی شامل ہیں میں تیزی سے نظر آنے لگے ہیں۔ لیڈز کے بعض علاقوں میں یہ مستقل طور پر ڈیلیوری سروس کا حصہ بن چکے ہیں تاہم ان کے استعمال پر لوگوں کی رائے منقسم ہے۔

حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹس کم لاگت اور آسان ترسیل فراہم کرتے ہیں جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ یہ فٹ پاتھوں پر جگہ گھیرتے ہیں اور ان میں نصب کیمروں کی تعداد بھی شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: چین میں روبوٹس کے لیے منفرد اسکول، روزگار کے لیے تیار کیے جانے لگے
اسٹارشپ نے کہا ہے کہ شیفیلڈ میں سروس فی الحال معطل رہے گی اور کمپنی آزمائشی منصوبے سے حاصل ہونے والے تجربات کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔














