کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سلمان غنی نے اتھارٹی میں زیرو پیپر پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام ڈائریکٹوریٹس اور متعلقہ افسران کو الیکٹرانک فائل اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کے تحت سرکاری امور نمٹانے کی ہدایت کر دی ہے۔
کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر آر ڈی اے میں منعقدہ اجلاس میں سرکاری خط و کتابت اور فائلوں کی پروسیسنگ کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا اور انتظامی امور کو کاغذ کے بغیر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ آر ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹس اور متعلقہ افسران ای ایف او اے ایس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور سرکاری امور میں فزیکل فائلوں، خطوط اور کاغذی خط و کتابت کے غیر ضروری استعمال کو مرحلہ وار ختم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پر شوہر کا تشدد، ملزم گرفتار، جیل بھیج دیا گیا
ہدایت کے مطابق ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کو بھیجے جانے والے تمام سرکاری خطوط، پٹ اپ کیسز، فائلیں اور دیگر مراسلات مقررہ طریقہ کار کے تحت ای ایف او اے ایس کے ذریعے شروع، ارسال اور پراسیس کیے جائیں گے۔
سرکاری خط و کتابت مقررہ الیکٹرونک نظام کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کو بھجوانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام ڈائریکٹوریٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکاری امور مقررہ وقت پر الیکٹرونک سسٹم کے ذریعے ارسال کریں اور ان کی بروقت پروسیسنگ یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: لاہور اور راولپنڈی کی ہوا مزید زہریلی، ماحولیاتی رینکنگ میں بہتری کے باوجود ایئر کوالٹی انتہائی تشویشناک
اجلاس کو بتایا گیا کہ زیرو پیپر پالیسی کے نفاذ سے انتظامی امور میں کارکردگی، شفافیت اور جواب دہی کو فروغ ملے گا، سرکاری معاملات بروقت نمٹانے میں مدد ملے گی اور غیر ضروری کاغذی کارروائی میں کمی آئے گی۔
ای ایف او اے ایس کے مؤثر استعمال سے سرکاری کارروائیوں کا باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب ہوگا، فائلوں کی نقل و حرکت اور ان کی موجودہ صورتحال کی نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ متعلقہ افسران اپنے کیسز کی پیشرفت اور اسٹیٹس بھی الیکٹرونک نظام کے ذریعے معلوم کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں خوفناک حادثہ، کار موٹر سائیکل گھسیٹتی رہی، سوار جان بچانے کے لیے گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ خطوط، پی یو سیز اور فائلوں کی بروقت ترسیل، پروسیسنگ اور نمٹانے کی ذمہ داری متعلقہ ڈائریکٹوریٹ اور افسر پر عائد ہوگی۔
مقررہ الیکٹرونک نظام کے ذریعے دستاویزات ارسال نہ کرنے، تاخیر سے بھجوانے یا ان کی مناسب پروسیسنگ میں ناکامی کے باعث ہونے والی تاخیر کی ذمہ داری بھی متعلقہ ڈائریکٹوریٹ یا افسر پر ہوگی۔
کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈائریکٹوریٹس، افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور زیرو پیپر پالیسی کے فوری نفاذ کے لیے بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔














