جیپ ریلی میں سرکاری گاڑی کا استعمال، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا سخت نوٹس، ڈی سی جھنگ عہدے سے فارغ

اتوار 25 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ میں جیپ ریلی کے دوران پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی سرکاری گاڑی کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین کو فوری طور پر ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو انتظامی نظم و ضبط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اتوار کو اس معاملے کا نوٹس اس وقت لیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی۔ اس میں پیرا کی گاڑی دیگر گاڑیوں کے ہمراہ ریلی میں شریک دکھائی دے رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی فروخت بند، اب صرف 10 کلو کا بیگ مارکیٹ میں آئے گا: مریم نواز

مریم نواز نے ایکس پر ویڈیو کے ساتھ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ریگولیٹری اتھارٹی کے وسائل کو غیر سنجیدہ مقاصد کے لیے اور اس کے سرکاری طور پر طے شدہ مینڈیٹ سے ہٹ کر استعمال کرنا انتظامی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی اور طے شدہ پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔‘

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا نوٹیفکیشن

وزیر اعلیٰ نے پنجاب حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کا اتوار کو جاری ہونے والا نوٹیفکیشن بھی شیئر کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ گورنر کے حکم پر ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین کو فوری طور پر تبدیل کیا جاتا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں مزید احکامات کے لیے محکمے میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

3 روزہ جھنگ تھل جیپ ریلی

3 روزہ جھنگ تھل جیپ ریلی گزشتہ ہفتے اختتام پذیر ہوئی۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جھنگ ریاض مرتھ کے مطابق یہ ریلی نجی اسپانسرز کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے حکام کی جانب سے اس تقریب کو سراہا گیا تھا۔

سیکیورٹی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ذمہ داری

بعد ازاں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ پیرا کی گاڑی ریلی کے ساتھ سیکیورٹی اور ریسکیو کے مقاصد کے تحت موجود تھی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ سیکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے، جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس ریسکیو 1122 کے دائرہ کار میں آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’ان میں سے کوئی بھی کام پیرا کے قانونی مینڈیٹ میں شامل نہیں۔ لہٰذا زیر بحث سرگرمی کا بظاہر پیرا کے مقررہ فرائض سے کوئی تعلق نہیں بنتا اور ریلی میں اس کی گاڑی تعینات کرنے کے جواز پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔‘

ڈی جی پیرا کا مراسلہ

وزیر اعلیٰ نے پیرا کے ڈائریکٹر جنرل فرخ عتیق خان کا 21 اکتوبر کو جاری ہونے والا مراسلہ بھی شیئر کیا۔ یہ مراسلہ جیپ ریلی کے اختتام کے بعد جاری کیا گیا۔

اس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ای آر بیز (ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری بورڈز) کے چیئرپرسنز کو پیرا گاڑیوں کے غلط استعمال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

مزید پڑھیں:ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے اگلے مرحلے کے لیے درخواستوں کی وصولی، مریم نواز نے طلبہ کو خوشخبری سنا دی

ریٹائرڈ کیپٹن فرخ عتیق خان نے مراسلے میں لکھا کہ ’مشاہدے میں آیا ہے کہ آپ کے دفاتر کو جاری کی گئی پیرا کی ڈبل کیبن گاڑیاں، جو صرف پیرا کے فیلڈ آپریشنز کے لیے مختص ہیں، غیر مجاز سرگرمیوں یا آپریشنز میں استعمال کی جا رہی ہیں۔‘

مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ بعض ڈپٹی کمشنرز نے پیرا کی گاڑیاں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کر دی ہیں، جو اتھارٹی کی سرکاری پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ ڈی جی پیرا نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ’کسی بھی غیر مجاز الاٹمنٹ‘ سے گاڑیاں واپس لیں۔

پیرا پنجاب حکومت کا ریگولیٹری اور انفورسمنٹ ادارہ ہے، جس کی ڈبل کیبن گاڑیاں مراسلے کے مطابق صرف اس کے فیلڈ آپریشنز کے لیے جاری کی جاتی ہیں۔ گاڑیوں کے غلط استعمال سے متعلق مراسلہ 21 اکتوبر کو جاری ہوا، جبکہ ڈپٹی کمشنر جھنگ کو ہٹانے کا فیصلہ 25 اکتوبر کو سامنے آیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پی ٹی آئی افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، صوبے میں حکومت کی تبدیلی کی ذمے دار وہ خود ہے، پرویز خٹک

کرکٹ تاریخ میں کھیل کا انوکھا اختتام، آؤٹ قرار دیے گئے شاداب خان نے میچ کیسے جتوا دیا؟

‘ایسا کبھی نہیں دیکھا، آج جشن ہوگا’: انگلینڈ کیخلاف ہار کو جیت بنانے والے شاداب و حارث کے کمال پر کپتان شاہین آفریدی شاداں

کراچی: پاک فوج کے افسران بن کر شہریوں کو لوٹنے والے 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: زیر حراست 2 ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، پولیس ترجمان

ویڈیو

میرٹ پر 5 لاکھ کروم بکس تقسیم ہوں گی، دانش اسکولوں میں جدید تعلیمی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، وزیر اعظم شہباز شریف

حرمین شریفین ہماری ریڈلائن، مکہ دفاعی معاہدے سے مخالف قوتوں کو پریشانی لاحق ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

پاکستان میں کم عمر خواتین بریسٹ کینسر کا شکار کیوں ہو رہی ہیں؟ خاموش گلٹی بھی خطرے کی گھنٹی

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف : رُل تے گئے آں پر چس بڑی آئی اے

درختوں پر جھولے اچھے لگتے ہیں، لاشیں نہیں

یورپ کی جین زی اتنے غصے میں کیوں ہے؟