سعودی عرب میں ریلوے کے شعبے نے سال 2025 کی تیسری سہ ماہی میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے، جہاں ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 39 ملین سے تجاوز کر گئی۔
یہ اعداد و شمار سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جاری کیے، جو ملک میں ریلوے نظام کی تیز رفتار ترقی اور عوامی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق بین المدن ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے 2.7 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔
ان میں سے 2.07 ملین افراد نے حرمین ایکسپریس کا استعمال کیا، 251 ہزار نے شمالی ریلوے (سار) کے ذریعے سفر کیا، جبکہ 378 ہزار مسافر شرقی ریلوے (سار) پر سفر کرتے نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں ‘پری ونٹر سیزن’ کا آغاز، زرعی اور سیاحتی سرگرمیوں کے لیے موزوں موسم
یہ اعداد و شمار ریلوے کے بڑھتے ہوے استعمال اور سہولتوں کی بہتری کی واضح علامت ہیں۔
شہری علاقوں کے اندر چلنے والی ریلوے سروسز میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں 36.3 ملین سے زائد مسافروں نے مختلف شہری ٹرینوں کا استعمال کیا۔

ریاض میٹرو نے 25.2 ملین سے زیادہ مسافروں کے ساتھ سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سروس کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خودکار ٹرانسپورٹ سسٹم نے 10.2 ملین مسافروں کو سہولت فراہم کی۔
اس کے علاوہ جامعہ شہزادی نورة بنت عبدالرحمن کے اندر چلنے والی خودکار ٹرین سے 967 ہزار افراد نے استفادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی شہر تنومہ میں ماحولیاتی آگاہی مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز
اتھارٹی کے مطابق ریلوے کے ذریعے 4.09 ملین ٹن سامان اور 227 ہزار سے زائد کنٹینرز منتقل کیے گئے، جو سعودی معیشت کے استحکام اور صنعتی ومعدنی شعبوں کی سپلائی چین کو مضبوط بنانے میں ریلوے کے بڑھتے ہوئے کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، ریلوے نظام نہ صرف شہریوں کے لیے محفوظ اور جدید سفری سہولت فراہم کر رہا ہے بلکہ کاربن کے اخراج میں کمی لا کر ماحول دوست ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔














