پاکستان نے ایران کے ساتھ تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’ٹرانزٹ آرڈر 2026‘ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایران کو براستہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ ٹرانزٹ تجارت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
Big news! Pakistan's Ministry of Commerce allows goods originating from other countries to pass through Pakistan to Iran.
— Wajahat Kazmi (@KazmiWajahat) April 26, 2026
وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی پالیسی کے تحت وہ سامان جو کسی بھی تیسرے ملک سے ایران کے لیے آئے گا یا ایران سے جائے گا اسے پاکستان کے راستے منتقل کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کو خطے میں تجارت کے فروغ اور لاجسٹکس نظام کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت نے اس ٹرانزٹ تجارت کے لیے مخصوص روٹس بھی متعین کر دیے ہیں تاکہ سامان کی ترسیل کو منظم، محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس نظام سے نہ صرف پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ خطے میں اقتصادی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک ایران تجارتی ہدف 10 ارب ڈالر مقرر، ویزا فیس کے خاتمے کا امکان
تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کو علاقائی تجارتی راہداری کے طور پر مزید مستحکم کرے گا اور ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں وسعت کا باعث بنے گا۔














